ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں،نشیبی علاقے زیرآب

ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں،نشیبی علاقے زیرآب
کیپشن: ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں،نشیبی علاقے زیرآب

ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں بارشوں کاسلسلہ جاری ہے جبکہ شہرقائد میں موسم ابر آلود ہونے کے بعد مختلف علاقوں میں ٹھنڈی و تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے جس کے ساتھ بوندا باندی کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا۔

تفصیلا ت کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے طوفانی بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آج اتوار کے روز پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کے امکانات ہیں، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال اور بہاولپور ڈویژن میں بارش متوقع ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ ڈی جی خان اور کوہ سلیمان کے ندی نالوں میں سیلاب کے امکانات ہیں جبکہ مری اور گلیات میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے، بالائی پنجاب کے اضلاع میں ژالہ باری کے بھی امکانات ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ آسمانی بجلی سے بچاؤ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں، عید پر پردیسیوں کی واپسی کا سفر موسمی تبدیلی سے متاثر ہو سکتا ہے، لیاقت پوراور بہاولپور سے لاہور آنے والے مسافر خاص طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ خاص طور پر 24 گھنٹے الرٹ رہے، سلائیڈنگ والے علاقوں میں سڑکوں کی بحالی کم سے کم وقت میں ہونی چاہیے۔

عرفان کاٹھیا کا کہنا تھا کہ تمام ریسکیو ادارے پی ڈی ایم اے کے ساتھ رابطے میں ہیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کریں۔  

کراچی/ بارش

کراچی کے مختلف علاقوں یونیورسٹی روڈ،صفورہ، سکیم 33 میں ہلکی بارش، میٹروول، گلشن جمال، کلفٹن میں بوندا باندی ہوئی۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق شہر میں آج بارش کے ساتھ آندھی چلنے کا بھی امکان ہے، 15 اپریل کی صبح تک وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد درجہ حرارت میں بھی کمی متوقع ،سردارسرفراز آج زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کاامکان ہے ، دوسرامغربی ہواؤں کاسلسلہ 17اپریل کوداخل ہوگا۔

چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ دوسرےسسٹم میں ہوائیں بلوچستان کےساحلی علاقوں سےکراچی میں داخل ہوں گی،18 اور 19 اپریل کو کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں اس وقت مطلع ابر آلود ہے اوردرجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں شہر قائد میں ہواؤں کی رفتار 20 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 49 فیصد ہے،شہر کا فضائی معیار پھر خراب، آلودہ ترین شہروں میں کراچی14 نمبر پر آگیا، ایئر کوالٹی انڈیکس میں آلودہ زرات کی مقدار 111 پرٹیکیولیٹ میٹرز ہے۔

اس سے قبل محکمہ موسمیات نے آج بارش کی پیشگوئی گوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہر میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہو سکتی ہے۔

سندھ کے مختلف شہروں میں بارش
سندھ کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ لاڑکانہ، میرپورخاص، دادو میں موسلادھار بارش سے گرمی کا زورٹوٹ گیا۔

موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے جب کہ بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔

Watch Live Public News