چیٹ جی پی ٹی کا نیا ماڈل جی پی ٹی -4او پیش کردیا گیا

CHAT GPT
کیپشن: CHAT GPT
سورس: google

 ویب ڈیسک : چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی 'اوپن اے آئی' نے اپنا نیا آرٹیفیشل انٹیلی جینس ماڈل 'جی پی ٹی-4 او‘ پیش کیا ہے جو صارف سے نا صرف حقیقی آواز کے ساتھ بات کر سکتا ہے بلکہ آڈیو، ویڈیو اور ٹیکسٹ کے ذریعے بات چیت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

'اوپن اے آئی' کا یہ نیا اسسٹنٹ آرٹیفیشل انٹیلی جینس کی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی میں آگے رہنے کی دوڑ میں تازہ ترین اقدام ہے۔

نئے اسسٹنٹ میں موجود آڈیو کی صلاحیت کے تحت صارفین چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ بات چیت کر سکتے ہیں جو بغیر کسی تاخیر کے آڈیو میں ہی جواب بھی دے گا۔

اس کے علاوہ جب چیٹ جی پی ٹی آڈیو کے ذریعے جواب دے رہا ہو گا تو صارفین اسے بیچ میں روک کر کوئی اور بھی بات کر سکتے ہیں۔ اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹمین نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا کہ "یہ فلموں کی طرح کا محسوس ہوتا ہے۔ کمپیوٹر سے بات کرنا میرے لیے کبھی حقیقی نہیں رہا۔ لیکن اب ایسا ہو رہا ہے۔"

جی پی ٹی- 4 او کی لانچنگ پیر کو کی گئی جب لائیو اسٹریمنگ میں اسسٹنٹ کی تمام صلاحیتوں کو دکھایا گیا۔


ایونٹ میں میں ریسرچرز نے جی پی ٹی-4 او کو استعمال کرتے ہوئے ریاضی کے ایک سوال کو حل کر کے بھی دکھایا۔

اس کے علاوہ نئے اسسٹنٹ نے ریئل ٹائم یعنی حقیقی وقت میں زبان کا ترجمہ بھی کیا۔

اوپن اے آئی کی چیف ٹیکنالوجی آفیسر میرا موراتی نے ایونٹ میں کہا کہ نیا ماڈل مفت میں پیش کیا جائے گا جب کہ جی پی ٹی-4 او کے پیڈ صارف زیادہ صلاحیتوں سے استفادہ کر سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جی پی ٹی-4 او آئندہ چند ہفتوں میں چیٹ جی پی ٹی کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اوپن اے آئی نے 2022 میں ' چیٹ جی پی ٹی' متعارف کرایا تھا جس کے چند ماہ کے دوران ہی صارفین کی تعداد 10 کروڑ کے قریب پہنچ گئی تھی۔

اوپن اے آئی نے مارچ 2023 میں اس کا جدید ترین ورژن ’ چیٹ جی پی ٹی فور‘ بھی متعارف کرایا تھا۔

چیٹ جی پی ٹی کو بنانے کے لیے جینریٹو آرٹیفیشل انٹیلی جینس کا استعمال کیا گیا ہے جس کے ذریعے نئے مواد کی تخلیق کو ممکن بنایا جاتا ہے۔

Watch Live Public News