'اسرائیل نے خود مختار ملک کے سفارتخانے پر حملہ کیا، ایران جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے'

'اسرائیل نے خود مختار ملک کے سفارتخانے پر حملہ کیا، ایران جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے'

(ویب ڈیسک )  وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ   اسرائیل نے خود مختار ملک کے سفارتخانے پر حملہ کیا، ایران جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ   اسرائیل  نے  ایک خود مختار ملک کے سفارت خانے پر حملہ کیا جس میں ایران کے سینئر فوجی افسر  شہید ہوئے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ  ایرانی سفارت خانے پر حملے کے بعد توقع  تھی کہ ایران جوابی کارروائی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ   ایران جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے، ایران کے ساتھ جوکچھ ہورہا ہے وہ فلسطین کے ساتھ کھڑا رہنے کی وجہ سے ہو رہا ہے۔

خواجہ آصف نے  کہا کہ اس جنگ کے اثرات  پوری دنیا سمیت پاکستان پر بھی ہونگے،  جو بڑے ممالک اسرائیل کی پشت پناہی کر رہے ہیں یہ آگ ان کو بھی لپیٹ میں لے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ  پاکستان فلسطینوں کے ساتھ کھڑا ہے،  پاکستان فلسطین کی آزادی کے لیے دعاگو اور ان کا حمایتی ہے۔

ایران کے ساتھ تعلقات سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ   ایران کےساتھ ایک واقعہ ہوا تھا لیکن ایران سے تعلقات مستحکم ہیں، گیس پائپ لائن پر بھی بات آگے بڑھی ہے ،  گوادر سے ایرانی سرحد تک اپنے حصے کی گیس پائپ لائن بنا رہے ہیں، پاکستان پائپ لائن بچھانے کی پوزیشن میں ہے اور ہم نے فیصلہ کرلیا ہے۔