خوشاب،گھوٹکی اور کوہاٹ کےچند پولنگ سٹیشنز پر آج دوبارہ پولنگ

09:32 AM, 15 Feb, 2024

ویب ڈیسک:  گھوٹکی، خوشاب اور کوہاٹ کے چند پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کا آغاز ہوگیا، پولنگ بغیر کسی وقفے شام 5 بجے تک جاری رہے گی جبکہ ٹانک کے حلقے این اے 43 کے 6 پولنگ اسٹیشنز پر اتوار کو ری پولنگ ہوگی۔

  تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کے دوران پی ایس 18 گھوٹکی، این اے 88 خوشاب اور پی کے 90 کوہاٹ کے چند پولنگ اسٹیشنوں پر ری پولنگ آج ہو رہی ہے۔

مختلف وجوہات کی بنا پر مؤخر کی گئی پولنگ آج صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر وقفے جاری رہے گی اور ووٹر اپنا ووٹ دے سکیں گے۔

گھوٹکی
گھوٹکی کی صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 18 کے 2 پولنگ اسٹیشنز چاکر کولاچی اور علی مراد کلہوڑو پر8 فروری کو ہنگامہ آرائی کے باعث پولنگ روک دی گئی تھی، ان دونوں پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ آج ہورہی ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار شہریار شر اور آزاد امیدواروں جام مہتاب ڈہر میں سخت مقابلہ ہے۔

آر او گھوٹکی کے مطابق پولنگ اسٹیشنز پر پولیس اور رینجرز کے ساتھ پاک فوج کے جوان سیکیورٹی پر تعینات ہیں، دونوں پولنگ اسٹیشنوں پر رجسٹرڈووٹرزکی تعداد 3309 ہے۔

خوشاب
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 88 خوشاب 2 میں بھی آج ری پولنگ ہو رہی ہے، این اے 88 کے 26 پولنگ اسٹیشنز پر 8 فروری کو ہنگامہ آرائی کے باعث نتائج روک دیے گئے تھے ۔

این اے 88 سے آزاد امیدوار ملک معظم شیر کلو، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ اکرم خان نیازی اور آزاد امیدوار ہارون بندیال میدان میں ہیں جبکہ استحکام پارٹی کے ملک گل اصغر خان بگھور اور دیگر امیدوار بھی الیکش لڑ رہے ہیں ۔

حلقہ این اے 88 کے 26 پولنگ اسٹیشنز پر 32 ہزار 832 ووٹرز ووٹ کاسٹ کریں گے۔

کوہاٹ
کوہاٹ کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 90 کے 8 پولنگ اسٹیشنز میں بھی آج دوبارہ پولنگ جاری ہے، اس حلقے کے کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 41498 ہے جبکہ ٹوٹل پولنگ بوتھ کی تعداد 74 ہے۔

8 فروری کو ہونے والی پولنگ کے دوران نامعلوم افراد نے درہ آدم خیل کے 12 پولنگ اسٹیشنز پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں مزید 13 پولنگ اسٹیشن متاثر ہوئے۔

حالات پر قابو پانے کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے درہ آدم خیل کے 25 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کی تاریخ کا اعلان کیا آج 15 فروری کو ایک بار پھر ان تمام پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا عمل جاری ہے جنہیں نظر آتش کیا گیا تھا۔

حلقہ پی کے 90 میں کانٹے دار مقابلہ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آفتاب عالم اور پیپلز پارٹی کے امجد خان آفریدی کے مابین ہے۔

ووٹنگ کے عمل کو مکمل فل پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے 25 پولنگ اسٹیشنز کو تبدیل کر کے آٹھ پولنگ اسٹیشن میں ضم کر دیا گیا ہے۔

ٹانک
دوسری جانب ٹانک کم ڈیرہ اسماعیل خان میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 43 کے 6 پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹ کاسٹ نہ ہونے کی شکایت پر اتوار کو ری پولنگ ہوگی۔

مزیدخبریں