سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے حکومت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کا باپ بھی عمران خان پر آرٹیکل 6 نہیں لگا سکتا۔ ہمت ہے تو پکڑو، وہ لاہور آ رہے ہیں۔ آرٹیکل چھ کا نام لینے سے پہلے وضو کرنا پڑتا ہے۔ یہ بات انہوں نے لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ شیخ رشید نے اینٹی کرپشن میں طلبی کے معاملے پر عدالت عالیہ میں ایک درخواست دائر کی تھی جس پر آج سماعت ہوئی۔ عدالت نے اینٹی کرپشن حکام کو شیخ رشید کو ہراساں کرنے سے روکتے ہوئے کیس کی سماعت 27 اگست تک ملتوی کر دی ہے۔ عدالت نے ڈائریکٹر ویجیلنس اینٹی کرپشن کو ریکارڈ سمیت ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ ابھی تو سودا مکمل نہیں ہوا اور پوری رقم نہیں لی گئی تو رقبہ فروخت شدہ کیسے ہو گیا؟ شیخ رشید نے عدالت کو بتایا کہ جن کو زمین دی انہوں نے 89 فیصد رقم نہیں دی۔ زمین کے پیسے نہیں مل رہے، قبضہ میرے پاس ہے۔ میں نے تو ابھی رجسٹری بھی نہیں کرا کے دی، زمین ابھی تک میرے نام ہے۔ شیخ رشید کے وکیل کا کہنا تھا اینٹی کرپشن نے قانون سے ہٹ کر طلبی کا نوٹس بھیجا۔ سماعت کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کی اور ایک بار پھر اعلان کیا کہ میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ کسی کا باپ بھی عمران خان پر آرٹیکل چھ نہیں لگا سکتا۔ پرسوں انتخابات میں عوام نے ساتھ دیا تو یہ منشیات فروش کہیں نظر نہیں آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات فروش رانا ثناء اللہ کو پتہ ہونا چاہیے کہ سپریم کورٹ نے آرٹیکل چھ کا ذکر نہیں کیا۔ یہ سب کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ لاہور والوں نے درست فیصلہ کیا تو یہ کہیں دکھائی نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں جس طرح اضافہ کیا، اس نسبت سے کمی نہیں کی گئی۔ عوام کو پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ نہیں پہنچایا گیا۔ شہباز شریف نے جس دن سچ بولا اس کی سیاست کا خاتمہ ہو جائے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کے کہنے پر مجھے آج اینٹی کرپشن نے بلایا تھا۔ رانا جبار اسی اجرتی قاتل کا ساتھی ہے۔ رانا جبار، رانا ثناء اللہ کا رشتہ دار ہے۔ منشیات فروش کو کہنا چاہتا ہوں کہ زمین میری ہے، میں نے بیچی ہے۔ 27 تاریخ کو عدالت میں ریکارڈ کے ہمراہ پیش ہوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہوریے پیٹرول میں کم کئے گئے تھوڑے سے پیسے جوتی پر وار پر پھینک دیں گے۔ عمران خان کا بیانیہ چوروں اور لٹیروں کے خلاف ہے۔ مجھے پوری اسٹیبلشمنٹ سے توقع ہے کہ الیکشن غیر جانبدار ہوں گے۔