لاہور(پبلک نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے بجلی، پٹرول،ٹیکس میں اضافہ کو منی بجٹ قرار دے دیا .
ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر نے کہا ہے کہ بجٹ تقریر میں، میں نے جو کچھ کہا تھا، وہ سچ اور حکومت جھوٹی ثابت ہوگئی، میں نے کہا تھا کہ حکومت منی بجٹ لائے گی، آج یہ بات سچ ثابت ہوگئی. ثابت ہوگیا کہ حکومت نے بجٹ کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا، یہ حکومت چلے گی تو معیشت نہیں چلے گی ، یہ حکومت چلے گی تو غریب کی روٹی، روزگار اور کاروبار نہیں چلے گا.
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ٹیکس چھوٹ والی اشیاءپر 17 فیصد سیلز ٹیکس لگانے، پٹرول، بجلی کی قیمت میں اضافہ عوام اور معیشت کے خلاف دہشت گردی ہے ، مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی پہلے ہی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، حکومت نے ایک نیا بم پھینک دیا ہے ، عمران نیازی آئی ایم ایف کی قربان گاہ پر معیشت اور قوم کو قربان کررہے ہیں ، آئی ایم ایف کی شرائط پر اندھا دھند عمل کرنے والی حکومت نے عوام کے مفاد کا خیال نہیں رکھا، عمران نیازی خود ایسے اقدامات کررہے ہیں جس سے مہنگائی بڑھتی ہے، پھر قوم سے شکوہ کرتے ہیں کہ عوام کو مہنگائی بڑھنے کی وجوہات سمجھ نہیں آرہی. قوم کو اچھی طرح سمجھ آرہی ہے کہ ان کے ساتھ کیا ہورہا ہے اور کون یہ ظلم ہر روز ڈھارہا ہے .
ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ قوم کی سمجھ کا نہیں بلکہ حکمرانوں کی کرپشن، جھوٹ اور تاریخی نالائقی ونااہلی کا ہے، پاکستان اور قوم کو حکمرانوں کی نالائقی، نااہلی اور کرپشن کی کڑی سزا مل رہی ہے، حکومت کو یہ احساس نہیں کہ عوام کا گزارہ نہیں ہو رہا، حکومت تین سال سے قوم کو چکر پہ چکر دے رہی ہے، ٹیکس مہنگائی، قرض بڑھتے جا رہے ہیں ، پہلے ہی مہنگائی قیامت خیز حدوں پر پہنچ چکی ہے، پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ظلم ہے ، عمران نیازی عوام اور پاکستان کے لئے نہیں، آئی ایم ایف کے لئے کام کر رہے ہیں .
ان کا کہنا تھا کہ اتنی سنگین مہنگائی ملک کی معاشی وائیبیلٹی کا سنگین مسئلہ پیدا کر رہی ہے جو پاکستان کے لئے نیک فال نہیں، اضافہ مسترد کرتے ہیں، حکومت یہ ظالمانہ فیصلہ واپس لے، عمران نیازی ظالم ، کرپٹ اور نااہل حکمران ہیں.