'معاشی ،سیاسی استحکام کیلئےفوری الیکشن ضروری ہے'

'معاشی ،سیاسی استحکام کیلئےفوری الیکشن ضروری ہے'
اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشی اورسیاسی استحکام کیلئےفوری الیکشن ضروری ہے،اگر اس ملک میں سیاسی استحکام نہیں آتا تو معشیت نیچے جائے گی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کو اس دلدل سے نکالنے کیلئے جلد از جلد الیکشن کرائیں۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) عمران خان نے خطاب کرتےہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت اس وقت تباہ حالی کاشکارہے، حکومت کےپاس معیشت کوٹھیک کرنےکاکوئی پلان نہیں، سیاسی استحکام کےبغیرمعیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی، موجودہ حکومت کی ساکھ نہ پاکستان کےاندرہےنہ باہر۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی تاریخ کی بلندترین سطح پرہے، پہلےکبھی اتنی زیادہ مہنگائی نہیں ہوئی، آئی ایم ایف پروگرام کےباوجودروپیہ گررہاہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی واحدپارٹی ہےجوملک کواکٹھارکھ سکتی ہے، ملک کے بڑے بڑے مجرم اوپر بیٹھے ہوئے ہیں، 60فیصد کابینہ ضمانت پر ہے، یہ ملک کاسوچنے کی بجائےاپنےکرپشن کیسز خارج کروانے میں لگے ہیں۔ پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ کئی لوگ سمجھتےتھےکہ آئن اسٹائن کےبعدشہبازشریف سب سےبڑےسائنسدان ہیں، ان کے پاس ملک کی معیشت کو سدھارنے کا کوئی حل نہیں ہے، یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ہمیں ملک بہت مشکل حالت میں ملا، آج سب کےسامنے اعداد و شمار دے رہا ہوں۔ عمران خان نے خطاب میں کہا کہ 2018میں جب حکومت ملی تو 20 ارب ڈالر کا بیرونی خسارہ تھا، انہیں اپریل میں 16 ارب ڈالر کا بیرونی خسارہ ملا، عدم اعتماد آئی تو ہمارے ذخائر 16.2 ارب ڈالر تھے، ہماری حکومت گئی تو ڈالر 178 روپے تھا آج 236 روپے ہے، 16روپے یونٹ بجلی چھوڑ کر گئے تھے آج بجلی 36 روپے یونٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول ہم 150 روپے فی لیٹر چھوڑ کر گئے تھے، ہم ڈیزل 146 روپے فی لیٹر دے رہے تھے، اس وقت عالمی منڈی میں 103 ڈالر کا تیل مل رہا تھا، آج عالمی منڈی میں تیل 10 ڈالر کم ہو کر 93 ڈالر پر آ گیا ہے، یہ پیٹرول 236 اور ڈیزل 248 روپے فی لیٹر دے رہے ہیں۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ گیس کی قیمتیں بھی بڑھ رہی ہیں، آئی ایم ایف کہہ رہا ہے کہ سردیوں میں یہ قیمتیں ڈھائی سو فیصد بڑھیں گی، مہنگائی دورکرناتوان کامقصدتھاہی نہیں،دراصل کرپشن کیسزختم کرانےتھے۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے خطاب میں کہا کہ معاشی اورسیاسی استحکام کیلئےفوری الیکشن ضروری ہے،اگر اس ملک میں سیاسی استحکام نہیں آتا تو معشیت نیچے جائے گی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کو اس دلدل سے نکالنے کیلئے جلد از جلد الیکشن کرائیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔