محسن بیگ نے دہشتگردی کا عمل کیا: شہباز گل

محسن بیگ نے دہشتگردی کا عمل کیا: شہباز گل

صحافی محسن بیگ کی گرفتاری پر حکومت کا ردعمل آ گیا. میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ محسن بیگ صحافی نہیں ہیں، مراد سعید نے انکے خلاف شکایت لگائی تھی، انہوں نے ایک غلیظ بات کی تھی.

ان کا مزید کہنا تھا کہ مراد سعید کی شکایت پر محسن بیگ کیخلاف قانونی کارروائی کی گئی، محسن بیگ نے دہشتگردی کا عمل کیا، انہوں نے پولیس کے اہلکاروں کو زدو کوب کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا. یہ ریاست پر حملہ کرنے کے مترادف ہے. ان کا کہنا تھا کہ محسن بیگ وزیراعظم سے پیسے مانگتے تھے، انہوں نے وزیراعظم کو کہا تھا کہ مجھے پیسے دیں میں میڈیا کی ٹانگیں باندھ کر آپ کے سامنے ڈال دوں گا، آج وہ خود کو صحافی کہتے ہیں.

واضح رہے کہ اسلام آباد میں وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ایک اورصحافی محسن بیگ کو گرفتارکرلیا۔محسن بیگ کو ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے پولیس کے ہمراہ ان کےگھرپرچھاپہ مارکرگرفتار کیا۔

محسن بیگ کے بیٹے نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ محسن بیگ نے سوال کیا کہ کس وجہ سے گرفتار کیا جا رہا ہے ؟ ایف آئی اے حکام نے جواب دیا کہ آپ ساتھ چلیں، گرفتار کرنے کی وجوہات بتا دی جائیں گی۔ایف آئی اے حکام کے مطابق چھاپہ مارنے والی پارٹی پر ڈائریکٹ فائرنگ کی گئی اورایک گھنٹے کی مزاحمت کے بعد محسن بيگ کوگرفتار کیا۔حکام نے یہ بھی بتایا کہ یہ کارروائی وفاقی وزیر مراد سعید کی درخواست پر کی گئی ہے۔

ایف آئی اے کے چھاپے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی جس میں محسن بیگ کو ہاتھ میں پسٹل لیے دیکھا جاسکتا ہے اور ويڈيو ميں کچھ لمحے بعد 2 فائر ہونے کی آواز آتی ہے۔

فائرنگ سے ايف آئی اے کا ايک سب انسپيکٹر زخمی ہوا ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق محسن بیگ نے اپنے دفاع میں فائر کیے۔واضح رہے کہ محسن بیگ نے حالیہ ٹی وی پروگراموں میں وفاقی حکومت سمیت وفاقی وزیر پر تنقید کی تھی۔