عمان مسجد دہشتگرد حملے میں 4پاکستانی شہید،دفترخارجہ کی مذمت

عمان مسجد دہشتگرد حملے میں 4پاکستانی شہید،دفترخارجہ کی مذمت
کیپشن: عمان کی مسجد میں دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہیں،ترجمان دفتر خارجہ

ویب ڈیسک: ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ عمان کی مسجد میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہیں، حملہ کے نتیجے میں 4 پاکستانی بھی شہید ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ عمان میں ہمارا سفارت خانہ 4 شہید پاکستانیوں کی لاشوں کی شناخت کر رہا ہے، سفارت خانہ دونوں پاکستانیوں کی میتوں کی واپسی کے لیے عمانی حکام سے رابطے میں ہے۔

 ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک ہیلپ لائن بھی کھولی گئی ہے، پاکستانی سفیر زخمی پاکستانی شہریوں کی خیریت دریافت کرنے کے لیے مقامی اسپتالوں کا دورہ کر رہے ہیں۔پاکستان نے گھناؤنے جرم کی تحقیقات اور ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے میں ہر ممکن مدد کی پیشکش کی ہے۔

واضح رہے کہ سلطنت عمان کی امام علی مسجد میں دہشت گردی کے واقعے میں فائرنگ سے 4 پاکستانیوں سمیت 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ مسقط کے علاقے وادی الکبیر میں امام علی مسجد میں مجلس عزا جاری تھی اور 700 سے زائد افراد موجود تھے۔ عرب میڈیا کے مطابق مسجد میں زیادہ تر پاکستانی کمیونٹی کے افراد تھے۔

اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے عمان میں امام بارگاہ علی بن ابی طالب پر دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پاکستانیوں پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے محرم کے مقدس مہینے میں دہشت گرد حملے اور مسلمانوں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے،نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے عمان میں پاکستان کے سفیر، سفیر عمران علی سے ٹیلیفون پر بات کی ہے۔

سفیر عمران علی نے نائب وزیراعظم کو مسقط، عمان میں امام بارگاہ علی بن ابی طالب پر گذشتہ رات کے حملے کے بارے میں بریفنگ دی۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے سفیر کو ہدایت دی کہ وہ عمانی حکام اور مسقط میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں۔

Watch Live Public News