(ویب ڈیسک ) متعدد گینز بُک آف ورلڈ ریکارڈ رکھنے والے پاکستانی عرفان محسود نے ایک اور عالمی ریکارڈ میں اپنا نام درج کرا لیا ہے اور اس بار اُن کے ساتھ یہ ریکارڈ بنانے میں ننھے سفیان محسود بھی شامل ہیں۔
گینز بُک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق انسانی جسم کے اعضا کے گرد لٹک کر چکر کاٹنے کا نیا عالمی ریکارڈ اب سات اعشاریہ آٹھ سیکنڈز ہے جو پاکستان کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے عرفان محسود اور سفیان محسود نے اپنے نام کیا۔
عالمی ریکارڈز کے گینز بک کی ویب سائٹ کے مطابق یہ ریکارڈ رواں سال 19 جون کو بنایا گیا جو اب درج کر لیا گیا ہے۔
عرفان محسود اس سے پہلے بھی متعدد عالمی ریکارڈز رکھتے ہیں۔
اس سے قبل انسانی جسم کے اعضا کے گرد کم ترین وقت میں چکر کاٹنے کا ریکارڈ انڈیا کے پاس تھا۔ انڈیا سے تعلق رکھنے والے کے گوکلناتھ اور ایم وی ارجن پریان نے سنہ 2021 میں یہ ریکارڈ بنایا تھا جس کا دورانیہ نو اعشاریہ سات سیکنڈز تھا۔
خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے عرفان محسود 8 سال کے کم عرصے میں 100 گینز ورلڈ ریکارڈز بنا چکے ہیں۔
عرفان محسود 2023 میں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارگردگی حاصل کر چکے ہیں۔
عرفان محسود نے اٹلی کے مارسیلو فیری کا ریکارڈ توڑ کر گنیز ورلڈ ریکارڈز کی سنچری مکمل کی تھی۔
اٹلی کے مارسیلو نے پاؤں کی انگلی سے 56 کلو وزن اٹھا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا جو عرفان محسود نے توڑ دیا تھا۔
پاکستانی ریکارڈ میکر کے پاس پاؤں کی انگلی سے 63 کلو وزن اٹھانے کا عالمی ریکارڈ ہے جبکہ عرفان محسود پش اپس کیٹیگری میں ورلڈ لیول پر سب زیادہ 46 ریکارڈز بنا چکے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی مبارکباد:
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے 5 سالہ سفیان محسود جنہوں نے حال ہی میں گنیز بک آف ورلڈ قائم کیا، کو مبارکباد دی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا ہے کہ سفیان محسود نے کم عمری میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ قائم کرکے اپنے والدین اور ملک کا نام روشن کیا۔ سفیان محسود جیسے باصلاحیت بچے پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔