ویب ڈیسک: شہادت وہ رتبہ عظیم ہے جس سے قوم کی زندگی کا چراغ روشن ہے۔
پاک وطن کی مٹی میں ان گنت قیمتی جانوں کا خون شامل ہے جسکے باعث اس ملک کی بنیادیں مضبوط ہیں۔ جہاں پاک فوج کے جوان اپنے خون کے آخری قطرے تک پاک زمین کا دفاع کرتے ہیں، وہیں دوسری جانب انکے باہمت والدین اپنے صبر سے دشمن کو لرزا دیتے ہیں۔
شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے کیپٹن احمد بدر نے جام شہادت نوش فرمایا۔
شہید کے والد نے ایک عظیم اور باہمت باپ ہونے کا ثبوت دیا۔ کیپٹن احمد بدر کے باہمت والد نے پوری قوم کو بیٹے کی شہادت پر مبارک باد دی اور کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں ایک شہید کا والد ہوں۔
والد کیپٹن احمد بدر شہید نے کہا کہ جس دلیری اور جرات سے میرے بیٹے نے شہادت کو گلے لگایا اس سے میرا سر فخر سے بلند ہوگیا، شہادت سے قبل میرے بیٹے کو اسکے ساتھی نے کہا کہ دشمن بلکل سامنے ہے پیچھے ہٹ جائیں،بیٹے نے کہا کہ اگر میں پیچھے ہٹ گیا تو میری قوم اور میری فوج کو میں کیا جواب دوں گا اب یہی میرا مقصد اور ٹارگٹ ہے۔
ان کے والد کا مزید کہنا تھا کہ کیپٹن احمد بدر شہید کے والد نے بیٹے کو شہادت کا رتبہ حاصل ہونے پر مسکراتے لبوں کیساتھ اللّٰہ کا شکر ادا کیا۔
وطن عزیز کی مٹی شہدا کے خون کے ہر قطرے کی مقروض ہے اور ان کی لازوال قربانیوں کو تاقیامت یاد رکھنا قوم کی امانت ہے۔ شہیدوں کا لہو وہ امانت ہے جو آنے والی نسلوں کی حفاظت اور قوم کی بقاء کا ضامن ہے۔سلام ہے کیپٹن احمد بدر شہید اور ان جیسے ہزاروں شہداء پر اور سلام ہے ان کے ورثاء پر جن کی استقامت سے قوم کی عزت اور وقار سر بلند ہے۔