(ویب ڈیسک ) اسرائیل کی ڈیفنس فورس ( آئی ڈی ایف) کے ریٹائرڈ میجر جنرل نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس سے جنگ اور ایران سے کشیدگی کے باعث اسرائیل اگلے سال تک صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔
ریٹائرڈ میجر جنرل یزہاک برک نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال، حماس سے جاری جنگ اور ایران کے ساتھ کشیدگی کے حوالے سے ایک بیان میں خبردار کیا کہ اگر حماس اسرائیل مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں خطے میں جنگ چھڑتی ہے تو اسرائیل شدید خطرات کی زد میں آ جائے گا۔
سابق افسر نے کہا کہ وزیر دفاع یوآف گیلانت کے غزہ جنگ کے اہداف کے حوالے سے متعدد بیانات تاحال پورے نہیں ہو سکے ہیں، اسرائیلی وزیراعظم نیتین یاہو اور ان کے اتحادیوں کو تبدیل نہ کیا گیا تو اسرائیل اگلے ایک سال میں تباہ ہو جائے گا۔
یزہاک برک کا کہنا تھا کہ ایران اور حماس کی اسرائیل کو ختم کرنے کی دھمکیاں خالی دھمکیاں نہیں ہیں، حماس سے جاری جنگ اور حزب اللہ کے ساتھ کشیدگی کے باعث اسرائیل کے لیے خطرات کے حوالے صیہونی ریاست کے وزیر دفاع یوآف گیلانت بھی اچھی طرح باخبر ہیں۔
سابق آئی ڈی ایف افسر نے مزید کہا کہ میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ یوآف گیلانت کو بھی اندازہ ہو چکا ہے کہ اسرائیل جنگ کے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام ہو چکا ہے اور ہم غزہ کی دلدل میں پھنس چکے ہیں، حماس کو کمزور کرنے کے بنیادی مقصد کے حصول کا کوئی موقع نہ ہونے کے باوجود ہم اپنے فوجیوں کو کھو رہے ہیں۔