(ویب ڈیسک ) بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے عدالت کو بتایا بشریٰ بی بی کو زہر دیا گیا ، طبی معائنہ کرایا جائے۔
بیرسٹر گوہر خان کی دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس میں آج کی سماعت مختلف تھی۔ کمرہ عدالت میں میڈیا کو ایک لفظ بھی سنائی نہیں دے رہا تھا۔ کمرہ عدالت میں نئی دیواریں اور شیشے لگائے گئے ہیں۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ کہا گیا تھا یہ اوپن ٹرائل ہے لیکن دیواریں کھڑی کرکے قانون کی آئین کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، یہ غیر قانونی ٹرائل ہورہا ہے میڈیا کو رسائی نہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو اونچی آواز میں میڈیا سے بات کرنی پڑی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ملک میں جنگل کا قانون ہے۔ جنگل کا بادشاہ جو چاہتا ہے وہ کرتا ہے۔ کمرہ عدالت میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے خلاف ہائی کورٹ جائینگے۔ ہم عدالت سے گزارش کرتے ہیں سینیٹ الیکشن سے متعلق ہماری درخواست سنی جائے۔
بیرسٹر گوہر خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے عدالت کو بتایا بشریٰ بی بی کو زہر دیا گیا اسکا طبی معائنہ کرایا جائے۔ عدالت نے شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹر عاصم یونس کو کل بارہ بجے بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات جس سے بھی ہونے ہیں جب بھی ہونے ہیں ہم کسی سے نہیں چھپائینگے۔ ہم چاہتے ہیں مذاکرات ہوں ہم کوشش کررہے ہیں سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اداروں کے ساتھ ہمارے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہورہے۔ فوج کی کسی شخصیت کا نام لینا اور ادارے کا نام لینا دو الگ باتیں ہیں۔ خان صاحب کو خدشہ ہے بشری بی بی کو زہر دیا گیا اسی لئے وہ شخصیات کا نام لیتے ہیں۔