ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ بشریٰ بی بی کے ساتھ کچھ غلط نہیں ہوا، درخواست نمٹا رہے ہیں۔
تفصیلا ت کے مطابق بشریٰ بی بی کو زہر دیئے جانے کے خدشے کے باعث میڈیکل چیک اپ کی درخواست پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ، کیا بشریٰ بی بی کے ٹیسٹ کرا لیے گئے ہیں اور کیا بشریٰ بی بی ٹھیک ہیں؟
اسٹیٹ کونسل عبدالرحمان نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کے شفاء اسپتال سے ٹیسٹ کرائے گئے ہیں، ڈاکٹر عاصم یوسف کی نگرانی میں ٹیسٹ کرائے گئے۔ بشریٰ بی بی بالکل ٹھیک ہیں۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ زہر سے متعلق کیا ہے؟
اسٹیٹ کونسل نے جواب دیا کہ زہر کے کوئی اثرات نہیں پائے گئے۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی خود عدالت میں پیش ہو کر بریف کرنا چاہتی ہیں۔
عدالت عالیہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو زہر دیئے جانے کے خدشے کے باعث میڈیکل چیک اپ کی درخواست نمٹا دی۔