جنیوا: ( پبلک نیوز) عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ گذشتہ ہفتے دنیا بھر میں کورونا کیسز میں 19 فیصد کمی ہوئی ہے۔ ایک کروڑ 60 لاکھ کیسز سامنے آئے اور 75 ہزار اموات ہوئیں۔ عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) نے ہفتہ وار رپورٹ میں کہا کہ گذشتہ ہفتے کورونا کے ایک کروڑ ساٹھ لاکھ کیسز سامنے آئے اور 75 ہزار اموات ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق مغربی بحر الکاہل کے ممالک میں ہفتہ وار کیسز میں 19 فیصد اضافہ ہوا۔ جنوب مشرقی ایشیا میں سب سے زیادہ 37 فیصد کمی ہوئی۔ مشرق وسطیٰ میں اموات کی تعداد میں 38 فیصد اضافہ ہوا جبکہ مغربی بحر الکاہل کے ممالک میں ایک تہائی اموات سامنے آئیں۔ سب سے زیادہ کورونا کیسز روس میں رپورٹ ہوئے۔روس اور مشرقی یورپ میں حالیہ ہفتوں میں اومی کرون کیسز میں دوگنا اضافہ ہوا۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق کورونا وائرس کی دیگر اقسام الفا، بیٹا اور ڈیلٹا میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔ گذشتہ ہفتے ریکارڈ ہونے والے 4 لاکھ کیسز میں سے 98 فیصد اومیکرون ویرینٹ کے تھے۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ اومیکرون ویرینٹ کی بی اے 2 قسم میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے اور اس کے زیادہ کیسز جنوبی افریقہ، برطانیہ، ڈنمارک اور دیگر ممالک میں سامنے آئے ہیں۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی دیگر اقسام کے مقابلے میں اومیکرون ویرینٹ کی وجہ سے لوگ زیادہ بیمار نہیں ہوتے۔ عالمی ادارے صحت کے افریقہ ریجن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر میتشیدوسو مویتی نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ کم ویکسی نیشن کے باوجود افریقہ کورونا وائرس کی لہر سے نکل رہا ہے۔ تاہم عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کئی مرتبہ یہ بات دہرائی ہے کہ کوروناوائرس کی وبا ختم نہیں ہوئی اور یہ نہیں کہا جا سکتا کہ اس کا خاتمہ قریب ہے۔