ویب ڈیسک: ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تحقیق ہونی چاہیے کہ کمشنر راولپنڈی 8 دن تک کس کس سے رابطے میں رہے اور ملے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کمشنر کے پاس انتخابی نتائج جمع کرنے کا اختیار نہیں ہوتا، الیکشن آر اوز اور ڈی آر اوز کی ذمہ داری ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ آٹھ دن بعد کمشنر راولپنڈی کا ضمیر جاگا ہے؟ جھوٹ کی مشین آج کل بہت بک رہی ہے، الزام ہے کہ 50،50 ہزار لیڈ سے امیدواروں کو ہروایا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ کمشنر نے پہلے خودکشی کی کوشش کی پھر ترک کردی، کیا کمشنر صاحب کے پاس الزامات کا کوئی ثبوت ہے؟ پہلے فارم 45 کا ڈرامہ کیا گیا لیکن ثبوت نہیں دیے گئے، اب ایک شخص کے بیان پر کہرام مچا دیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے مطالبہ کیا کہ تحقیقات ہونی چاہئیں کہ کمشنر صاحب آٹھ دن تک کس سے رابطے میں رہے، کمشنر صاحب آٹھ دن کس کس سے ملے، کمشنر صاحب کے اکاؤنٹس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا آپ الزامات لگائیں، ثبوت نہ دیں اور بری الذمہ ہوجائیں، آٹھ دن بعد اچانک سے ان کا ضمیر جاگ گیا اور کہا خود کو پولیس کے حوالےکرتا ہوں، انہیں خود کو نہیں ذمہ داروں کو پولیس کے حوالے کرنا چاہئے تھا۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ہم سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے، ملک سنگین حالات سے گزر رہا ہے، کوئی نقصان ہوا تو سب کو نقصان ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ الزامات لگا کر ثبوت نہ دینے والے کو کڑی سزا ہونی چاہیے، اسے ٹیسٹ کیس بنایا جانا چاہیے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہاتھ جوڑ کر کہتی ہوں ملک کا خیال کریں، جس کو بھی اعتراض ہے وہ متعلقہ فورم پر جائے، کمشنر صاحب اپنے الزامات کے ثبوت دیں۔
انہوں نے کہا کہ کیا آپ اس گروہ کو لانا چاہتے ہیں جو 2018 میں مسلط کیا گیا، نگراں حکومت کمشنر راولپنڈی کا نام ای سی ایل پر ڈالے، کمشنر صاحب کے رابطوں اور اکاؤنٹس کی تحقیقات کی جائیں۔