وزیر داخلہ پنجاب عطا تارڑ نے ضمنی الیکشن کے موقع پر دنگا فساد کرانے کی مبینہ کوشش کا پول کھولتے ہوئے کہا ہے کہ اسلحے سے لیس تحریک انصاف کے غنڈوں کا جتھہ لودھراں میں پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے ان غنڈوں کی پشت پناہی سابق وفاقی وزیر شبلی فراز کر رہے ہیں، جو ضمنی الیکشن کے موقع پر لودھراں میں ہی موجود ہیں۔ عطا تارڑ کے مطابق شفاف اور پرامن الیکشن حکومت پنجاب کی ذمہ داری ہے۔ اس لئے ان غنڈوں کی گرفتاری کے لئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ لہذا شبلی فراز ان غنڈوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کر دیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ اطلاعات یہ ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کے 500 فسادی پنجاب پہنچ گئے ہیں۔ اسد قیصر، علی محمد خان، پرویز خٹک اور مراد سعید ان کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی رہنمائوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر تحریک پاکستان نے ڈسکہ الیکشن والی کوئی حرکت کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔