ویب ڈیسک: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کامیاب ترین بلے باز ویرات کوہلی نے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دے دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی نے ریٹائرمنٹ کے بعد اپنے منصوبوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے بعد ایک طویل بریک لوں گا۔
سال 2008 میں بھارتی کرکٹ ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ کرکٹ سے کنارہ کشی کے بعد وہ اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے کوہلی نے اپنے پیچھے کوئی نامکمل کاروبار نہ چھوڑنے اور مستقبل میں کسی پچھتاوے سے بچنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بطور کھلاڑی ہمارے پاس کیرئیر کا اختتامی وقت ہوتا ہے، اسے لیے میں پیچھے رہ کر کام کر رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک بار جب میرا کام مکمل ہوجائے گا، میں چلا جاؤں گا، آپ مجھے کچھ دیر کے لیے نہیں دیکھ سکیں گے۔ اس لیے میں اسے اپنے کھیلنے کے وقت تک سب کچھ دینا چاہوں گا، اور یہی وہ چیز ہے جو مجھے آگے بڑھنے میں مدد دیتی ہے۔
سابق بھارتی کپتان نے سال 2024 کے بعد کرکٹ چھوڑنے کا اشارہ دیا ہے۔ ویرات کوہلی کے اس بیان کے بعد ان کے چاہنے والے شائقین کرکٹ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔