ڈومیسٹک کرکٹ لازمی ، سہ ماہی فٹنس ٹیسٹ ،محسن نقوی کے بڑے فیصلے

mohsin naqvi took major decision
کیپشن: mohsin naqvi took major decision
سورس: google

ویب ڈیسک :(شکیل خان ) چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کے کرکٹ اور  ٹیم کی کارکردگی کی بہتری کیلئے 3 گھنٹے طویل اجلاس،، بڑے فیصلے ۔۔  کھلاڑیوں  کا 3 ماہ بعد فٹنس ٹیسٹ  جبکہ کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا لازمی قرار دیا گیا۔ فی الحال سنٹرل کنٹریکٹ کی رقم کم  نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔
  رپورٹ کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی  کا کہنا تھا  کہ ٹیم میں گروپنگ کی کوئی گنجائش نہیں ایسے کھلاڑیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وائیٹ بال کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن۔ ریڈ بال کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی۔ چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر۔ ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ۔ اسٹنٹ کوچ اظہر محمود۔ سلیکشن کمیٹی کے اراکین محمد یوسف۔ اسد شفیق۔ بلال افضل۔ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سنٹرز ندیم خان اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی نے اجلاس میں شرکت کی ۔

 اہم فیصلے کے مطابق دونوں فارمیٹ کے ہیڈ کوچز گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی کو سلیکشن کمیٹی میں شامل کرلیا گیا ہے جبکہ  کھلاڑیوں  کا 3 ماہ بعد فٹنس ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ۔

اب  ہرکھلاڑی کو  لازما ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا  ہوگی ۔ ڈومیسٹک کرکٹ  کھیلنے کے طریقہ کار کو سلیکشن کمیٹی حتمی شکل دے گی۔

 اجلاس میں سنٹرل کنٹریکٹ کی رقم  فی الحال کم  نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ  سنٹرل کنٹریکٹ کی مدت  ایک برس مقرر کی گئی ہے ، سنٹرل کنٹریکٹ پر موجودکھلاڑیوں کی  پرفارمنس اور فنٹس  کا سالانہ جائزہ لیا جائے گا۔

 اسی طرح سنٹرل کنٹریکٹ کی مختلف کیٹگریز میں کھلاڑیوں کی شمولیت وضع کردہ طریقہ کارکے تحت ہو گی۔لیگز  کھیلنے کے لئے این او سیز کے اجراء کا ٹیکنیکل طریق کار طے کیا جائے گا اور صرف مخصوص طریق کار پر پورا اترنےوالے کھلاڑیوں کو این او سیز کا اجراء کیا جائے  گا ۔

 اس طرح فٹنس اور  پرفارمنس کے معیار پر پورا اترنے والے کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا جبکہ معیار پر پورا نہ اترنے والے  کھلاڑیوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہو گی۔

 چئیر مین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہو گی۔ ٹیم کے اندر یونٹی اور اتفاق نظر آنا چاہیے۔ گروپنگ کرنے والے کھلاڑیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ 

 انہوں نے ہدایت دی کہ گروپنگ پر مینجمنٹ کو سخت ایکشن لینا چاہیے۔ڈسپلن کی پابندی نہ کرنے والے کھلاڑیوں کی ٹیم میں جگہ نہیں ہو گی۔ ڈسپلن کی خلاف ورزی پر کسی بھی کھلاڑی کے بارے میری سفارش بھی نہ مانی جائے۔ 

انہوں نے اعلان کیا کہ اسلام آباد اور پشاور میں بھی ہائی پرفارمنس سنٹرز بنائے جائیں گے۔گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی اس ضمن میں حتمی  رپورٹ پیش کریں گے انہوں نےہائی پرفارمنس سنٹرز کی اپ گریڈیشن اور کوچز کی ٹریننگ کا معیار بڑھانے کا  پلان بھی  طلب کرلیا۔

 چئیرمین پی سی بی نے شاہینز اور انڈر 19 ٹیموں کے لئے الگ کوچز رکھنے اور تسلسل کے ساتھ ٹورنامنٹس کرانے کا مکمل پروگرام مرتب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے  کہا کہ گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی کو فری ہینڈ دیا ہے ۔ مکمل بااختیار ہیں۔ امید ہے کہ دونوں بہترین نتائج دیں گے۔

انہوں نے وویمنز کرکٹ ٹیم کو بہتر بنانے اور سنٹرل کنٹریکٹ پر نظر ثانی کے حوالے سے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سنٹرز کو ٹاسک دیا جبکہ ڈومیسٹک کنٹریکٹ کا جائزہ لینے کے لئے محمد یوسف ۔ اسد شفیق۔ عثمان واہلہ اور  ندیم خان کو ذمہ داری دے دی گئی۔

 اسی طرح سکولز کرکٹ کے فروغ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس حوالےسے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ سے جامع پلان طلب کرلیا گیا۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے بورڈ روم میں منعقدہ اجلاس میں کرکٹ کی بہتری کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔ پچز کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے فوری کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ۔



Watch Live Public News