ویب ڈیسک: امریکا نے دہشتگردی کیخلاف پاکستان کے اقدامات اور قربانیوں کا اعتراف کیا اور ساتھ ہی حالیہ حملوں میں فوجی جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس بھی کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ افغان طالبان اپنی سرحدیں دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونے دیں، علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے ساتھ ہیں۔
میتھیو ملر نے کہا کہ پاکستانی عوام نے دہشتگردی سے بہت نقصان اٹھایا، اس ناسور کا خاتمہ پاکستان اور امریکا کا مشترکہ مفاد ہے، واشنگٹن کئی معاملات میں پاکستان کیساتھ مل کر کام کر رہا ہے، امریکا پاکستان کی معیشت بہتر کرنے کیلئے بھی کوشاں ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے بنگلا دیش میں پر تشدد واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چھ افراد کی ہلاکت کی خبریں دیکھی ہیں، واقعات پر گہری نظر ہے، ڈھاکا میں موجود سفارتخانہ صورتحال مانیٹر کر رہا ہے، بنگلا دیش میں پر امن احتجاج پر زور دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے ورلڈ اکنامک آؤٹ لک اپ ڈیٹ رپورٹ جاری کی ہے جس میں عالمی سطح پر مہنگائی اور اجناس کی قیمتیں بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان میں رواں مالی سال معاشی ترقی کی رفتار 3.5 فیصد رہنے کا امکان ہے، حکومت نے بجٹ میں معاشی ترقی کا ہدف 3.6 فیصد مقرر کیا ہے، گزشتہ مالی سال پاکستان میں معاشی شرح نمو 2 فیصد رہی، رواں سال پاکستان کی معاشی ترقی 2 فیصد رہنے کی توقع ہے۔