پنڈ دادنخان: ( پبلک نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ملک کا وزیراعظم اور عوامی نمائندہ وہ ہونا چاہیے جو لوگوں کی عزت میں اضافہ کر سکے،عمران خان کے لیول کا کوئی لیڈر پاکستان میں موجود نہیں ہے۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہمارے مخالفین سیاسی بونے ہیں۔ ان کی آواز عالمی سطح پر نہیں سنی جاتی۔ اسلاموفوبیا سمیت مختلف معاملات پر عالمی برادری نے عمران خان کے موقف کو ہمیشہ سنا ہے۔ دورہ چین کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ہفتہ کو پنڈدادنخان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 23 سال بعد کوئی بھی پاکستانی لیڈر ماسکو کا دورہ کرنے جا رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا دورہ روس گیم چینجر ہوگا۔ چین کے بعد روس کے ساتھ پاکستان کے مستحکم تعلقات قائم ہونے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز لندن سے اپنے پیسے واپس لے آئیں تو حالات کافی بہتر ہو جائیں گے۔ مریم نواز کو احساس ہے تو اپنے ابو اور بھائیوں سے کہیں کہ پاکستانیوں کا پیسہ واپس کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ہمارے خلاف عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں ان کے گھر والے بھی ان پر اعتماد نہیں کرتے۔ اپوزیشن سینیٹ میں اکثریت کے باوجود اپنے ووٹ پورے نہیں کروا سکی۔ اپوزیشن میں جرات ہے تو کل ہی عدم اعتماد لے کر آئیں۔ عمران خان کی حکومت کو وفاق اور پنجاب میں کوئی خطرہ نہیں ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ جہانگیر ترین کے ساتھ احترام کا تعلق ہے، توقع ہے کہ وہ پارٹی کے ساتھ رہیں گے۔ جہلم میں بلدیاتی انتخاب پہلے مرحلے میں ہے۔ پی ٹی آئی کے کارکن کمر کس لیں۔ جہلم کے عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے ہیں۔ وقت آ گیا ہے کہ جہلم کے لوگوں کا اعتماد دوبارہ حاصل کیا جائے۔ انشااللہ ماضی کی طرح اس بار بھی پی ٹی آئی جہلم میں کلین سویپ کرے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ محسن بیگ نے مراد سعید کیلئے جو بیہودہ زبان استعمال کی، اس پر ایف آئی اے نے کارروائی کی۔ پاکستان کا کوئی بھی شخص محسن بیگ جیسے طرز کلام کی حمایت نہیں کرتا۔ قانون انہیں احترام سکھانا چاہتا ہے۔ مراد سعید نے آگے بڑھ کے معاملے پر ایف آئی آر درج کرائی، پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔