فافن کا الیکشن کمیشن سےچیلنج کئے گئے حلقوں کے نتائج کا آڈٹ کرنےکامطالبہ

09:29 AM, 19 Feb, 2024

ویب ڈیسک: غیر سرکاری تنظیم فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک فافن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن چیلنج کئے گئے حلقوں کے نتائج کا آڈٹ کرے۔

فافن رپورٹ کے مطابق جن حلقوں کے نتائج کو چیلنج کیا گیا الیکشن کمیشن ان کی جانچ پڑتال کرے، آڈٹ میں سیاسی جماعتوں کے امیدواروں اور آزاد مبصرین کو شامل کیا جائے، الیکشن کے بعد کی صورتحال کا تقاضا ہے الیکشن کمیشن فوری ردعمل دے۔

فافن نے مزید کہا کہ الیکشن کی سرکاری دستاویزات کی تحقیقات کی جائیں، پریذائیڈنگ افسر یا آر او کی سیل کے ساتھ کھولے گئے بیگز کو دیکھا جائے، بیلٹ پیپرز، اکاؤنٹ بیگ، جاری بیلٹ پیپرز کی کاؤنٹر فائل کو دیکھا جائے، انتخابی فہرست کی مارک کاپی کو دیکھا جائے، گنتی میں شامل، خارج کئے گئے اور ضائع بیلٹ پیپرز کا جائزہ لیا جائے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا پہلے مرحلے میں دستاویزات بشمول نتیجہ فارم کے درست ہونے کا جائزہ لیا جائے، پہلے مرحلے میں دستاویزات بشمول نتیجہ فارم کی مکمل دستیابی کا جائزہ لیا جائے، دوسرے مرحلے میں غیر تصدیق شدہ فارم کے انتخابی نتائج پر اثرات کا جائزہ لیا جائے، تیسرے مرحلے میں الیکشن آفیشلز کا احتساب کیا جائے۔

فافن نے کہا کہ عام انتخابات 2024ء کیلئے 15 لاکھ الیکشن عملہ تعینات تھا، الیکشن عملے نے گنتی، ٹیبولیشن اور نتائج مرتب کئے جس سے تنازعات پیدا ہوئے، الیکشن کمیشن فارم 45 کی مختلف کاپیوں کی حقیقت کی وضاحت کرے۔

مزیدخبریں