کریم کے ڈرائیورز کو ”کیپٹن“ کہنے پر پابندی

کریم کے ڈرائیورز کو ”کیپٹن“ کہنے پر پابندی
راولپنڈی ( پبلک نیوز ) عدالت نے عارضی طور پر آن لائن ٹیکسی سروس کریم کو اپنے ڈرائیورز کو” کیپٹن“ کہنے سے روک دیا ہے، یہ حکم اس وقت دیا گیا ہے کہ ہوائی جہاز کے پائلٹ نے عدالت سے درخواست کی کہ اسے ”ذلت “ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی سول کورٹ کے جج راؤ اعجاز احمد نے آن لائن ٹیکسی سروس ”کریم“ کو اس حوالے سے اپنا موقف جمع کروانے کیلئے 31 جولائی کا وقت دیا ہے۔ عدالت میں ایک پروفیشنل پائلٹ لبیب احمد کی طرف سے درخواست جمع کروائی گئی تھی کہ آن لائن ٹیکسی سروس کی طرف سے ڈرائیورز کو ”کیپٹن“ کہنے پر اکثر لوگ مجھے بھی کریم کا ڈرائیور سمجھ لیتے ہیں۔ پائلٹ لبیب احمد نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ انہیں اکثر ذلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور یہ ایوی ایشن کے اس عہدہ کی بھی توہین ہے جو اعلیٰ تعلیم کے بعد حاصل ہوتا ہے اور کمرشل پائلٹ کا لائسنس بھی کڑی محنت کے بعد حاصل کرنا پڑتا ہے۔ لبیب احمد کے وکیل چوہدری رضوان الٰہی نے اپنے دلائل میں کہا کہ ”کیپٹن“ کا لفظ صرف پائلٹ کیلئے یا پھر آرمی فورسز کیلئے ہی مختص ہونا چاہئے کیونکہ وہ بھی کمشنڈ آفیسر ہوتے ہیں۔ معزز عدالت کے جج نے آن لائن ٹیکسی سروس کو حکم دیا ہے کہ عدالت کی اگلی پیشی تک وہ اپنے ڈرائیورز کیلئے ”کیپٹن“ کا لفظ استعمال نہیں کر سکتے۔

Watch Live Public News