ٹیلی کام فرموں کی جانب سے فون کالز کی لوڈشیڈنگ کی وارننگ

ٹیلی کام فرموں کی جانب سے فون کالز کی لوڈشیڈنگ کی وارننگ
اسلام آباد : ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ بجلی اور گیس کے بعد اب فون کالز کی بھی لوڈ شیڈنگ ہوسکتی ہے . تفصیلات کے مطابق ٹیلی کام کمپنیوں نے ٹیکسوں میں زبردست اضافے کے بعد ملک بھر میں بجلی کی بندش جیسی فون کالز کی ‘ لوڈشیڈنگ’ شروع کرنے کا انتباہ دیا ہے۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس کے دوران ٹیلی کمیونیکیشن حکام نے سینیٹرز کو آگاہ کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں بجلی کی طرح فون کالز کی بھی لوڈشیڈنگ ہوگی۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے ارکان کو ٹیلی کام فرموں کے نمائندوں نے بریفنگ دی، ان کے مطابق حکومت کی طرف سے فائبر آپٹک کی درآمدی لیوی میں زبردست اضافہ کیا گیا ہے کیونکہ ایڈوانس ٹیکس میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ ہم فائبر آپٹک کی درآمدات پر ایڈوانس ٹیکس کو 8 فیصد تک کم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں اور ٹیلی کام انڈسٹری میں استعمال ہونے والے آلات کو پرتعیش اشیاء قرار دیا گیا ہے۔ درآمدی ڈیوٹی میں بھی 20 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ نمائندوں نے سینیٹرز کو آگاہ کیا کہ کمپنیاں فائبر آپٹک کی درآمد کے لیے بڑھتے ہوئے مالی بوجھ کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ “پاکستان بھر میں صرف 10 فیصد ٹاورز پر فائبر آپٹک کا استعمال کیا گیا تھا، ٹیلی کام سیکٹر کے لیے سخت فیصلوں کے بعد ہم عالمی دوڑ سے باہر ہو جائیں گے اگر فائبر آپٹک کیبل نہیں بچھائی جاتی ہیں تو لوگ اے ٹی ایم استعمال نہیں کر سکتے۔ سینیٹ کمیٹی نے ٹیلی کام کمپنیوں کے دلائل سننے کے بعد وفاقی حکومت کو فائبر آپٹک کی درآمدات پر متعلقہ ٹیکس کم کرنے کی سفارش کردی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔