'نواز شریف کی پاکستان واپسی عید کے بعد ہوگی'

'نواز شریف کی پاکستان واپسی عید کے بعد ہوگی'
لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ کے رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف نے انکشاف کیا ہے کہ لیگی قائد نواز شریف کی پاکستان واپسی عید کے بعد ہوگی۔ میاں جاوید لطیف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں عدالتوں کے تمام فیصلے قبول ہوں گے۔ نواز شریف وطن واپس آکر قانون اور آئین کے مطابق اپنے کیسوں کا سامنا کریں گے. لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعت پیپلز پارٹی نے وزیر خارجہ کیلئے بلاول بھٹو زرداری کا ہی نام دیا تھا۔ وہ دورہ لندن کے بعد واپسی پر اس اہم منصب کا حلف اٹھائیں گے۔ یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی درخواست کی سماعت آج ہوگی دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) سے نکالنے کیلئے عائد شرائط کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کر لی گئی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کا 2 رکنی بنچ وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر سماعت کرے گا۔ شہباز شریف کی درخواست کی آخری سماعت 20 جنوری 2020ء کو ہوئی تھی۔ عدالت نے 16 نومبر 2019ء کو نواز شریف کو علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔ لاہورہائیکورٹ کا 2 رکنی بنچ جسٹس شہباز علی رضوی اور جسٹس انوار الحق پنوں پر مشتمل ہے۔ عدالت نے نواز شریف کی انڈیمنٹی بانڈز کیخلاف درخواست باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کر رکھی ہے۔ عدالت نے 5 قانونی نکات پر وکلا کو بحث کیلئے بھی طلب کر رکھا ہے۔ عدالت نے وفاقی کابینہ کی آٹھ ملین پاؤنڈ، 25 ملین امریکی ڈالرز اور ڈیڑھ ارب روپے کے انڈیمنٹی بانڈز جمع کرانے کی شرط معطل کر رکھی ہے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ کیا سزا یافتہ ملزم کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی جا سکتی ہے؟ کیا میمورنڈم میں عائد کی گئی شرائط کو علیحدہ کیا جا سکتا ہے؟ کیا وفاقی حکومت ای سی ایل آرڈیننس کے تحت کوئی شرائط لگا سکتی ہے؟ کیا انسانی بنیادوں پر انتہائی بیمار شخص کیخلاف اس طرح کا حکم جاری کیا جا سکتا ہے؟ کیا ضمانت منظور ہونے کے بعد ایسی شرائط لاگو کی جا سکتی ہیں؟ اگر شرائط لاگو کی جا سکتی ہیں تو کیا یہ شرائط عدالتی فیصلے کو تقویت دیں گی؟
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔