ویب ڈیسک: جسٹس اشتیاق ابراہیم نے بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اپنے عہدہ کا حلف اٹھا لیا۔
تفصیلات کے مطابق حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوئی، گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے نئے تعینات ہونے والے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اشتیاق ابراہیم سے حلف لیا، تقریب میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور بھی شریک ہوئے۔
سپریم کورٹ کی جج جسٹس مسرت ہلالی، پشاور ہائیکورٹ کے ججز، وکلاء، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، سیکرٹری ایڈمنسٹریشن سمیت دیگر محکموں کے انتظامی سربراہان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز صدر آصف زرداری نے جسٹس اشتیاق ابراہیم کی مستقل چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعیناتی کی منظوری دی تھی۔
جسٹس اشتیاق ابراہیم نے 15 اپریل کو قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کا حلف اٹھایا تھا۔