پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو مسلسل سانس کی تکلیف کی شکایت کے باعث میڈیکل بورڈ نے ان کے مزید ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما شہبازگل کا اسلام آباد کے پمز اسپتال میں علاج جاری ہے۔ ان کے تمام ٹیسٹ نارمل آنے کے باوجود بھی سانس لینے میں تکلیف ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل بورڈنےشہبازگل کے مزید ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے، شہباز گل نے گذشتہ رات بھی سانس لینے کی دشواری کی شکایت کی تھی ۔ میڈیکل بورڈ نے شہباز گل کی سی ٹی پلمونری اینجیوگرافی کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عدالت سے پمز منتقلی سے اب تک شہباز گل کی صحت کی نگرانی کی جا رہی ہے، ان کا بلڈ پریشر، ٹمپریچر اور دیگر معائنہ وقت پر کیا جاتا ہے اور میڈیکل بورڈ کے ارکان کی ہدایات اور نگرانی میں تمام ادویات وقت پر دی جا رہی ہیں۔ خیال رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کی جانب سے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی 8 روز کی استدعا مسترد کر دی تھی اور انہیں پیر تک پمز سپتال میں رکھنے اور ان کا دوبارہ میڈیکل کرانے کا حکم بھی دیا تھا .