پی ایس ایل 6 کے پلے آف مرحلہ کا کل سے آغاز

پی ایس ایل 6 کے پلے آف مرحلہ کا کل سے آغاز

ابوظہبی ( پبلک نیوز) پاکستان سپر لیگ 6 ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیدیم میں پوری آب و تاب سے جاری ہے ،جہاں لیگ میچز کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ گزشتہ شب مکمل ہونے والے لیگ مرحلے کے آخری میچ میں پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ نے آخری اوور میں ملتان سلطان کو شکست سے دوچار کیا۔ یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے کوالفائینگ مرحلے سے قبل ریہرسل کی سی حیثیت رکھتا تھا۔

اب یہی دونوں ٹیمیں 21 جون بروز پیر کو ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیدیم میں پہلے کوالیفائر میں مدمقابل آئیں گی۔ ایونٹ کے 30 لیگ میچز میں سے 14 میچ کراچی کے نیشنل اسٹیدیم میں کھیلے گئے تھے، کوویڈ 19 کے سبب4مارچ کو پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز کو ملتوی کردیا گیا تھا۔

تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرنچائزز ایمرٹیس کرکٹ بورڈ اور ابوظہبی کے کرکٹ حکام کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز دوبارہ سے 9 جون سے کروانے کا اعلان کیا۔ لیگ مرحلے کے بقیہ 16 میچز 9 سے 19 جون تک ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے۔ جہاں دو مرتبہ کی چیمپئین اسلام آباد یونائیٹڈ نے 8 میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔

کراچی میں کھیلے گئے میچز میں ملتان سلطانز کی ٹیم دو پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر براجمان تھی تاہم ملتان سطانز نے ابوظہبی میں کھیلے گے میچز میں زبردست پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور پانچ میں سے چار میچ جیت کر دس پوائنٹس حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری نمبر جگہ حاصل کرلی۔

لاہور قلندرز یہاں دباؤ کا شکار نظر آئی، لاہور قلندرز لیگ مرحلے میں پانچ میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پر موجود تھی، اسے ابوظہبی میں مسلسل چار شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اب لاہور قلندرز پلے آف مرحلے سے باہر ہو چکے ہیں. یہ پانچویں مرتبہ ہے کہ قلندرزپلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کرنےمیں ناکام رہے۔

2019کے ایڈیشن کی چیمپئین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چار پوائنٹس کے ساتھ سب سے آخری پوزیشن پر موجود ہےگلیڈی ایٹرز نے دس میچز میں سے دو جیتے جبکہ آٹھ میچز میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ابوظہبی میں کھیلے جا رہے لیگ میچز کے مرحلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے میچ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ شاداب خان کی قیادت میں کھیلنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ نے پھر مسلسل پانچ میچز میں فتوحات حاصل کیں، اس طرح ان کی ٹیم دس میں سے آٹھ میچز جیت گئی۔ کراچی میں کھیلے گئے لیگ مرحلے میں انہوں نے چار میں سے تین میچز جیت رکھے تھے۔

غیر ملکی کھلاڑیوں میں عثمان خواجہ اور کولن منرو نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی کارکردگی میں اہم کردار ادا کیا۔ عثمان خواجہ واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے ابوظہبی میں جاری حالیہ میچز میں سنچری اسکور کی، اس ہائی اسکورنگ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ان کی زیرقیادت پشاور زلمی کے خلاف فتح حاصل کی۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے پانچ میچوں میں عثمان خواجہ اور کولن منرو نے بالترتیب 175 اور 241 رنز بنائے۔ آصف علی اور افتخار احمد نے مڈل آرڈر میں اپنی پرفارمنس سے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

اسلام آباد یونائیٹد کے باؤلرز میں حسن علی آٹھ میچوں میں 12 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، ابھرتے ہوئے نوجوان فاسٹ باؤلر محمد وسیم ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 میں اپنے ڈبیو سیزن میں نو میچوں میں 11 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

ملتان سلطانز کی قیادت محمد رضوان کر رہے ہیں. سلطانز کا سیزن میں آغاز خاصہ مایوس کن رہا وہ پانچویں پوزیشن پر موجود تھے مگر ابوظہبی میں لیگ مرحلے کے اختیام پر ان کی ٹیم دوسرے نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب ہو چکی ہے۔محمد رضوان چار نصف سنچریوں کی بدولت 470 رنز بنا کر اپنی سائیڈ میں لیڈ کر رہے ہیں۔ صہیب مقصود دس میچوں میں 304 رنز بنا چکے ہیں۔

سلطانز کے ایمرجنگ کھلاڑی شاہنواز دھانی نے شاندار کارکردگی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے نو میچوں ں میں 20 وکٹیں حاصل کیں ہیں، چھٹے ایڈیشن میں اب تک وہ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر ہیں۔دھانی کو دو مرتبہ پلئیر آف دی میچ کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔پشاور زلمی بامقابلہ کراچی کنگزپشاور زلمی کے شعیب ملک روان سیزن میں اپنی ٹیم کی طرف سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں. انہوں نے دس میچوں میں 244 رنز بنائے۔ شعیب ملک نے قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ہاف سنچریاں اسکور کر کے اپنی ٹیم کے نیٹ ریٹ کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہاب ریاض نے اپنی ٹیم کی طرف سے نو میچوں میں 14 وکٹیں حاصل کیں۔

دفاعی چیمپئین کراچی کنگز کو ابوظہبی میں جاری رواں ایڈیشن کے پہلے تین میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کراچی کنگز نے نویں میچ میں قلندرز کے خلاف آخری اوور میں فتح حاصل کی۔ ہفتے کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلے گئے میچ سے پہلے وہ چوتھی پوزیشن پر موجود تھے اگر وہ یہ میچ ہار جاتے تو ان کی روایتی حریف لاہور قلندرز پلے آف مرحلے میں پہنچ جاتی۔

کراچی کنگز کے بابر اعظم ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں 501 رنز بنا کر پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔ بابر اعظم نے چھ ہاف سنچریاں بنائیں بابر اعظم کے اوپننگ پارٹنر شرجیل خان نے 312 رنز بنائے۔

ایمرجنگ کھلاڑی ارشد اقبال کراچی کی طرف سے آٹھ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔