ساحل سمندر پر غیرملکی سیاح کو ڈرا دھمکا کر لوٹنے کی کوشش، 3 گھڑ سوارگرفتار

ساحل سمندر پر غیرملکی سیاح کو ڈرا دھمکا کر لوٹنے کی کوشش، 3 گھڑ سوارگرفتار
کراچی کے سی ویو پر اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والے یوٹیوب وی لاگر ڈیل فلپ کے ساتھ مبینہ طور پر بدتمیزی اور فراڈ کی کوشش کرنے پر درخشاں پولیس نے گھڑ سواری کرانے والے 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی جنوبی اعجاز احمد نے میڈیا کو بتایا کہ گھوڑوں کے مالکان کو ڈیل فلپ کی جانب سے یوٹیوب پر واقعے کی ویڈیو اپ لوڈ اور ٹوئٹر پر نشر کرنے کے بعد حراست میں لیا گیا ہے۔ غیرملکی وی لاگر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔ ویڈیو کا آغاز ڈیل فلپ اور گھوڑوں کے مالکان کے درمیان ساحل سے منسلک پارک چنکی منکی تک 200 روپے میں ایک رائیڈ پر اتفاق سے ہوتا ہے، تاہم جب رائیڈ شروع ہوتی ہے ہے فلپ کو پتہ چلتا ہے کہ وہ مخالف سمت جارہے ہیں۔ گھوڑے کا مالک ڈیل فلپ کو دوران سواری یہ کہتا ہے کہ چنکی منکی تک طویل سواری ہے اور اس کا کرایہ پوچھنے پر واضح جواب نہیں دیتے ہیں، گھوڑے کے مالک بھی فلپ کے ساتھ ساتھ دوسرے گھوڑے پر سوار تھے۔ غیرملکی وی لاگر انہیں یاد دلاتے ہیں کہ ایک سواری کے لیے 200 پر اتفاق ہوگیا ہے تو وہ کہتا ہے کہ چنکی منکی تک 20 چکر لگیں گے۔منزل پر واپسی پر گھوڑے کے مالک ان سے 5 ہزار روپے کا مطالبہ کرتے ہیں تاہم فلپ 5 ہزار ادا کرنے سے انکار کرتے ہیں۔ ایس ایس پی اعجاز نے مذکورہ تفصیلات کی تصدیق کی اور کہا کہ گھوڑوں کے مالکان زیر حراست ہیں اور ان کی شناخت جہانزیب، مقصود اور احسان اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ خیال رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں آسٹریلیا کے وی لاگر لیوک ڈیمنٹ نے یوٹیوب پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی تھی، جس میں ایک گھوڑے کے مالک کو ان کے ساتھ فلپ کی ساتھ ہونے والے طریقے سے فراڈ کی کوشش کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔