انڈین کرکٹ ٹیم ایک بار پاکستان آئے پھر دیکھیں گے کہ کہاں کھیلنا ہے، محسن نقوی

انڈین کرکٹ ٹیم ایک بار پاکستان آئے پھر دیکھیں گے کہ کہاں کھیلنا ہے، محسن نقوی

(ویب ڈیسک ) محمد شکیل خان :  چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ انڈین کرکٹ ٹیم ایک بار پاکستان آئے پھر دیکھیں گے کہ کہاں کھیلنا ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے انٹرکلب کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک آزاد پینل بھی تشکیل دے دیا ہے جو اس بات کا جائزہ لے گا کہ پی سی بی کی میڈیکل ٹیم نے احسان اللہ کا صحیح علاج کیا ہے یا نہیں ؟ اور آئندہ ان کا علاج کہاں ہوسکتا ہے کیونکہ ہمارے لیے ہر کھلاڑی اہم ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ وہ خود اعظم خان کی انجری کو مانیٹر کررہے ہیں اور وہ چاہیں گےکہ وہ جلد سے جلد دوبارہ فٹ ہوجائیں ۔انہیں سلیکشن کمیٹی نے بتایا ہے کہ اعظم خان کی جگہ دوسرے متبادل کھلاڑی کو شامل کرلیا گیا ہے۔

پی سی بی کے چیرمین نے یقین ظاہر کیا کہ ٹیم کا مومینٹم اچھا ہے جو مزید آگے بڑھے گا۔

محسن نقوی نے سٹیڈیمزکی اپ گریڈیشن کے بارے میں کہا کہ اس سلسلے میں غیرملکی کمپنیوں سے رابطہ ہے۔ یہ کام غیرملکی کمپنی کرے گی جس کے لیے اشتہار دیا گیا ہے  کیونکہ ہم پہلے پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ ڈیزائن کرارہے تھے لیکن ان کمپینوں کو اس میں مہارت حاصل نہیں ہےجس کی وجہ سے اس کام میں ایک ڈیڑھ ماہ کی تاخیر ہوئی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ قذافی سٹیڈیم میں ڈیزائننگ کا مسئلہ ہے ایسا لگتا ہے کہ ہم دور بیٹھ کر میچ دیکھ رہے ہیں۔کوشش کرینگے کہ چیمپئنز ٹرافی سے پہلے یہ کام مکمل ہو۔ اسی طرح کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں بھی بنیادی سہولتوں کے ضمن میں کافی کام ہونا ہے۔

پاک بھارت کرکٹ کے بارے میں سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ جب اس کا آپشن آئے گا تو ضرور غور کریں گے اسوقت تو پاکستان ٹیم کا شیڈول بہت مصروف ہے اور چیمپینز ٹرافی تک کوئی ایسا سلاٹ نہیں ہے کہ ہم جاسکیں ۔ بھارتی ٹیم ایک بار پاکستان آئے اس کے بعد ہم بیٹھیں گے اور جو بھی تجویز آئے گی چاہے وہ پاکستان میں کھیلنے کی ہو یا کہیں اور ، ہم اسے دیکھیں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ  پی سی بی  نے پی ایس ایل فرنچائزز مالکان سے بات چیت شروع کردی ہے اور ہم پی ایس ایل کا شیڈول ان کی رضامندی کے ساتھ  ایک ماہ  میں اعلان کردیں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ  ہیڈ کوچ کے سلسلے میں انٹرویوز ہورہے ہیں اور آئندہ چند روز میں اسے حتمی شکل دے دی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کے نائب کپتان کا معاملہ انہوں نے مکمل طور پر سلیکشن کمیٹی پر چھوڑ رکھا ہے جو اس سیریز کے بعد اس کا اعلان کردے گی۔

Watch Live Public News

اسپورٹس رپورٹر

 محمد شکیل خان ایک نوجوان اسپورٹس رپورٹر ہیں جو نہ صرف فیلڈ میں متحرک ہیں بلکہ دنیا بھر میں ہونے والے اسپورٹس ایونٹس اور خصوصا کرکٹ کے حوالے سے اپنے قارئین کو باخبر رکھا اپنا اولین فرض سمجھتے ہیں۔