عامر لیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم، تیاریاں شروع کر دی گئیں

عامر لیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم، تیاریاں شروع کر دی گئیں
پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کیلئے چھ رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیدیا گیا ہے۔ ان کی قبر کشائی رواں ماہ 23 جون کو ہوگی۔ میڈیکل بورڈ کی سربراہی پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید کریں گی۔ عدالت نے حکم دیا تھا کہ عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کیلئے چھ اراکین پر مشتمل میڈیکل بورڈ کی تشکیل کی جائے گا۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید کی نگرانی میں یہی بورڈ قبر کشائی کے عمل کی بھی نگرانی کرے گا۔ جناح پوسٹ میڈیکل کالج کے میڈیکو لیگل آفیسر ڈاکٹر محمد اریب بکھائی، سول ہسپتال کراچی کے میڈیکو لیگل آفیسر ڈاکٹر گلزار علی سولنگی، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لیاری کے شعبہ فرانزک میڈیسن کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ہری رام لوہانا، سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ فرانزک میڈیسن کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر پرویز مخدوم اور ایڈیشنل پولیس سرجن عباسی شہید ہسپتال ڈاکٹر شاہد نظام بورڈ کے ارکان ہیں۔ یہ بات ذہن میں رہے کہ عامر لیاقت حسین روں ماہ 9 جون کو کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔ وہ اسی روز اپنے گھ میں بے ہوشی کی حالت میں ہائے گئے تھے۔ عامر لیاقت کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی تھی۔ پولیس نے عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے کیلئے ان کے خاندان کے افراد سے اجازت طلب کی جو نہ دی گئی۔ پولیس حکام نے اس اچانک موت پر شک کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ عامر لیاقت کے جسم کا اندرونی جائزہ لئے بغیر اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکتی کہ ان کی موت کیسے ہوئی تھی۔ عامر لیاقت حسین کی تدفین 10 جون کو عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں کر دی گئی تھی۔ تاہم چند روز قبل ایک درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے عدالت نے عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم اور قبر کشائی کا حکم دیا تھا۔ عدالت کی جانب سے تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جرم کا خدشہ ہو اور موت بھی مشکوک ہو تو انصاف کا نظام حرکت میں آنا چاہیے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔