کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں غیر ملکی طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کروائی گئی ہے۔ قطر ائیرویز کی یہ پرواز نئی دہلی سے قطر جا رہی تھی کہ اچانک اس میں فنی خرابی پیدا ہو گئی۔ سول ایوی ایشن حکام کے مطابق ممکنہ طور پر مسافروں کو لے جانے کیلئے قطر ائیر ویز کا دوسرا طیارہ آج کسی وقت کراچی آئے گا۔ سول ایوی ایشن حکام نے بتایا ہے کہ طیارے کو رن وے نمبر ایک پر پارک کروا کے مسافروں کو ٹرانزٹ لاؤنج میں منتقل کردیا گیا اور طیارے کی انسپیکشن پی آئی اے کے انجینئرزکر رہے ہیں۔ طیارے میں عملے کے 12 اراکین سمیت 283 مسافر سوار تھے جن میں سے بیشتر مسافر بھارتی تھے۔ قطر ائیر ویز کی پرواز کی ہنگامی لینڈنگ کے باعث ایئرپورٹ کا رن وے بلاک ہوگیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قطر ایئرویز کی پرواز کیو آر 579 نئی دہلی سے دوحہ کے لئے شیڈول تھی۔ دوران پرواز طیارے کے کپتان کو کارگو ہولڈ میں سموک سگنل ملا جس کی وجہ سے طیارے کو کراچی ایئر پورٹ پر اتارا گیا۔