2024 کے لیے ایمیزون پرائم کی سپر ہٹ سیریز کے سیکولز

prime video
کیپشن: prime video
سورس: google

ویب ڈیسک :معروف او ٹی ٹی پلیٹ فارم ایمیزون پرائم نے 2024 کے لیے اپنی اوریجنل سیریز اور فلموں کا اعلان کیا ہے جس میں کئی ایسی سیریز اور فلموں کے سیکولز بھی شامل ہیں جس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔

پرائم ویڈیو نے منگل کو ممبئی میں ایک ایونٹ کے دوران 2024 کے لیے 69 سیریز اور فلموں کا اعلان کیا ہے۔ ایونٹ کی میزبانی معروف ہدایت کار کرن جوہر نے کی۔

ایمیزون کی اوریجنل فلموں میں انیل کپور کی صوبے دار، سارہ علی خان کی اے وطن میرے وطن، ابھیشیک بچن کی بی ہیپی اور بمن ایرانی کی ہدایت میں بننے والی فلم دی مہتا بوائز سمیت دیگر فلمیں شامل ہیں۔

اسی طرح کئی مشہور اوریجنل سیریز کے سیکولز بھی 2024 میں پیش کیے جائیں گے جن میں مرزا پور، پنچایت اور پاتال لوک کے نئے سیزن سرِ فہرست ہیں۔

البتہ پرائم ویڈیو کی جانب سے ان سیریز کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔

مرزا پور سیزن تھری

ڈرامہ، کرائم اور ایکشن سے بھرپور ٹیلی ویژن سیریز 'مرزا پور' 2018 میں ایمیزون پرائم کی زینت بنی تھی جس کے بعد اس نے بھر پور مقبولیت حاصل کی۔

بعد ازاں اکتوبر 2020 میں 'مرزا پور' کا دوسرا سیزن ریلیز ہوا تھا۔

اب سال 2024 کے لیے ویب سیریز کے تیسرے سیزن کا اعلان کیا گیا ہے البتہ تاریخ سامنے نہیں آئی ہے۔

مرزا پور کی کہانی شادی کے دوران پیش آنے والے واقعات کے بعد پیدا ہونے والی صورتِ حال کے گرد گھومتی ہے۔

سیریز میں پنکج تریپاٹھی، علی فضل، شویتا تریپاٹھی اور دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

پنچایت سیزن تھری

کامیڈی ڈرامہ ویب سیریز پنچایت کا پہلا سیزن اپریل 2020 میں پرائم ویڈیو پر ریلیز ہوا تھا۔

سیریز کا دوسرا سیزن مئی 2022 میں ریلیز ہوا تھا جب کہ اب سال 2024 میں پنچایت کا تیسرا سیزن ریلیز ہو گا جس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔

سیریز کی کہانی ایک انجینئرنگ گریجویٹ کے گرد گھومتی ہے جو بہتر ملازمت نہ ملنے کی وجہ سے اتر پردیش کے ایک گاؤں کے پنچایت کے دفتر میں سیکریٹری کے طور پر کام کرتا ہے۔

پنچایت میں نینہ گپتا، جیتیندر کمار، رگھوویر یادو اور دیگر نے اداکاری کی ہے۔

پاتال لوک

کرائم اور تھرل سے بھرپور سیریز پاتال لوک کا دوسرا سیزن سال 2024 میں ریلیز ہوگا جس کی تاریخ ابھی سامنے آئی ہے۔

پاتال لوک کا پہلا سیزن مئی 2020 میں ریلیز ہوا تھا جس کی ہدایت اویناش ارن اور پروست رائے نے دی ہیں۔

سیریز میں سواستیکا مکھرجی، اشواک سنگ اور ابھیشیک بنرجی سمیت دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

Watch Live Public News