وزیر اعظم 23 اور 24 اگست کو قطر کا دو روزہ دورہ کریں گے

وزیر اعظم 23 اور 24 اگست کو قطر کا دو روزہ دورہ کریں گے
اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف 23 اور 24 اگست کو قطر کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ وزیرِ اعظم امیرِ قطر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد آلثانی کی دعوت پر قطر کا دورہ کر رہے ہیں، وزیرِ اعظم کا دورہء قطر وزارتِ عظمی سنبھالنے کے بعد قطر کا پہلا دورہ ہے۔ دورہء قطر کے دوران وزیرِ اعظم امیرِ قطر اور قطر کی اعلی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، اسکے علاوہ وزیرِ اعظم قطر میں پاکستان و قطری تاجروں، کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیرِ اعظم کا دورہء قطر پاکستان میں زراعت، قابلِ تجدید توانائی،ہوابازی، انفراسٹرکچر، سیاحت، لائف اسٹاک، اشیاء خوردنوش کی برآمدی صنعت و دیگر شعبوں میں قطری سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔وزیرِ اعظم قطر میں فیفا ورلڈ کپ کی تقریبات کیلئے تیار کردہ جگہوں کا دورہ کرکے تیاریوں کا بھی جائزہ لینگے۔ وزیرِ اعظم قطر پاکستان دوطرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے، قطر کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور پاکستانیوں کیلئے قطر میں روزگار کے مواقع بڑھانے کے حوالے سے اعلی قطری قیادت سے بات کریں گے۔ وزیرِ اعظم قطری قیادت سے علاقائی امن کے قیام، دونوں ملکوں کے مابین اسٹریٹیجک سطح پر تعاون اور دو طرفہ تعلقات میں مزید استحکام پر بھی گفتگو کریں گے۔ وفاقی وزراء و حکام کا اعلی سطحی وفد بھی دورہءِ قطر کے دوران وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہوگا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔