ہم چاہتے ہیں یوکرین کا مسئلہ پرامن طریقے سے حل ہو

ہم چاہتے ہیں یوکرین کا مسئلہ پرامن طریقے سے حل ہو
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان چاہتا ہے کہ یوکرین کا مسئلہ پرامن طریقے سے حل ہو۔ دنیا اب کسی نئے تنازع کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ وزیراعظم نے یہ بات روسی ٹی وی کے دیئے گئے اپنے خصوصی انٹرویو میں کہی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا ابھی کورونا کے اثرات سے نہیں نکل پائی، ایک اور تنازع میں گئی تو کیا ہو گیا؟ ہم چاہتے ہیں کہ دنیا مذاکرات کے ذریعے اپنے تمام مسائل کو حل کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو ماحولیاتی آلودگی سمیت دیگر چیلنجز کا سامنا ہے۔ دنیا کو ترقی پذیر ممالک سے پیسوں کی غیر قانونی منتقلی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہمارے ملک میں بھی اسی وجہ سے غربت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ہمارے خظے میں غربت حکمرانوں کی کرپشن سے بڑھی ہے۔ اپنے انٹرویو میں وزیراعظم نے کہا کہ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور منی لانڈرنگ بھی بڑے چیلنجز ہیں۔ ہماری بنیادی توجہ یہ ہونی چاہیے کہ اپنے لوگوں کو غربت سے کیسے نکالیں۔ انسان کو انسان کی بھلائی کی فکر ہونی چاہیے۔ خواہش ہے کہ بھارتی حکومت ہندوتوا کی بجائے غربت ختم کرنے پر توجہ دے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بلاکس میں تقسیم ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ مسائل کا پرامن حل ہو۔ میں نہیں مانتا کہ طاقت کے استعمال سے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ افغانستان میں طاقت دکھا کر کیا حاصل کر لیا گیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ روس کیساتھ باہمی تعلقات ہیں، ہم اسے مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہم تمام ممالک کیساتھ تجارتی تعلقات چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں یوکرین کا مسئلہ پرامن طریقے سے حل ہو۔ ترقی پذیر ممالک کسی سرد جنگ کے متحمل نہیں ہو سکتے۔