ڈونلڈٹرمپ کا اہم حریف مقابلے سے دستبردار

ڈونلڈٹرمپ کا اہم حریف مقابلے سے دستبردار
کیپشن: ڈونلڈٹرمپ کا اہم حریف مقابلے سے دستبردار

ویب ڈیسک: امریکی ریاست فلوریڈا کے گورنر اور اہم ری پبلکن صدارتی امیدوار رون ڈی سینٹس نے صدارتی انتخابات کے لیے پارٹی کی پرائمری ریس سے دست بردار ہونے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی سینٹس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ 'ایکس' (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک ویڈیو پیغام میں سابق صدر ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اُمیدواروں کی دوڑ سے باہر ہونے کا اعلان کیا۔
ماہرین کے مطابق ری پبلکن پرائمری دوڑ سے ڈی سینٹس کا نسبتاً جلد باہر ہونا ٹرمپ کی پارٹی پر مضبوط گرفت ظاہر کرتا ہے۔
پینتالیس سالہ ڈی سینٹیس کو ان کے جارحانہ انداز اور قدامت پسند خیالات کی وجہ سے صدارتی نامزدگی کے اہم دعوے دار اور سابق صدر ٹرمپ کے فطری وارث کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔
گزشتہ سال کے اوائل میں انہوں نے ٹرمپ کے خلاف کئی پولز میں سخت مقابلہ کیا۔
البتہ حالیہ کئی ماہ سے فلوریڈا کے گورنر کی حمایت میں کمی دیکھی گئی۔ ان کی اس کارکردگی کی وجوہات میں انتخابی مہم کی ناقص حکمتِ عملی، انتخابی مہم کے دوران ووٹرز کے ساتھ ان کی بظاہر کم ہوتی رسائی اور ری پبلکن پارٹی پر ٹرمپ کی اب تک غیر متزلزل گرفت ہے۔
ڈی سینٹیس کے پرائمری دوڑ سے باہر ہونے کے بعد اب امریکہ کی اقوامِ متحدہ میں سابق سفیر نکی ہیلی اور سابق صدر ٹرمپ ہی ری پبلکن صدارتی نامزدگی کے لیے میدان میں ہیں۔
ری پبلکن پارٹی کی صدارتی نامزدگی حاصل کرنے والے اُمیدوار کا مقابلہ رواں برس نومبر میں امریکی صدر جو بائیڈن سے ہو گا۔