پیڑول اور بجلی کی قیمتیں بڑھائی جائیں: آئی ایم ایف

پیڑول اور بجلی کی قیمتیں بڑھائی جائیں: آئی ایم ایف
نیویارک: ( پبلک نیوز) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستانی حکومت سے پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف کے مطالبے کے بعد حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 20 روپے فی لیٹر اضافے پر غور کر رہی ہے کیونکہ پی ٹی آئی حکومت کے آخری دور میں تیل پر دی گئی بڑی سبسڈی کے ملک کی معیشت پر منفی اثرات برقرار ہیں۔ دوسری جانب وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے حکام کا مطالبہ ہے کہ حکومت پاکستان پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی کو روک دے۔ یہ بات انہوں نے نیویارک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ میری اس سلسلے میں آئی ایم ایف حکام سے انتہائی اہم ملاقات ہوئی۔ حکومت پاکستان بھی اس بات سے پوری طرح متفق ہے کہ ہمیں سبسڈیز کو کم کرنا پڑے گا کیونکہ ہمارا ملک ان کامتحمل نہیں ہو سکتا۔ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ حکومت برآمدات میں اضافے کے لئے مرحلہ وار اقدامات کرے گی۔ حکومت کا مقصد کاروبار دوست ماحول پیدا کرنا، مالیاتی استحکام لانا اور ملک کو معاشی طور پر مضبوط کرنا ہے۔ مفتاح اسماعیل کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ ہمارے ملک میں ایسی اصلاحات لائی جائیں جو سٹرکچرل ہوں۔ یہ بہت ہی بنیادی نوعیت کی چیزیں ہیں، میں ان سے متفق ہوں۔ ان اصلاحات کو بغیر کسی تنازع کے پاکستان میں لاگو کیا جانا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم آئی ایم ایف پروگرام کو دوبارہ سے پٹڑی پر لانے کی کوشش کریں گے تاکہ پاکستان کو معاشی استحکام واپس مل سکے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے اپنے دورہ امریکا کے دوران حکام سے یہ بھی درخواست کی کہ پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکلنے میں مدد فراہم کی جائے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔