واٹس ایپ کی جانب سے اپنے ویب اور ڈیسک ٹاپ ورژن کیلئے ملٹی ڈیوائس سپورٹ فیچر میں ایک بڑی اپ ڈیٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اب 5 مختلف ڈیوائسز میں واٹس ایپ کو بیک وقت استعمال کرنا ممکن ہوگا، واٹس ایپ کی جانب سے 2021 میں اس فیچر تک صارفین کو ابتدائی رسائی دی گئی تھی،جس میں بیٹا ورژن میں بیک وقت کئی ڈیوائسز پر واٹس ایپ کو استعمال کرنے کی سہولت دستیاب تھی۔ فی الحال بیٹا ورژن میں صارفین کو اس فیچر کو استعمال کرنے کیلئے فون کی ضرورت ہوتی ہے لیکن اب واٹس ایپ صارفین 4 مختلف ڈیوائسز پر واٹس ایپ تک رسائی انٹرنیٹ سےمنسلک پرائمری اسمارٹ فون کے بغیر بھی کرسکیں گے۔ ویب بیٹا انفو کے مطابق وا ٹس ایپ میں نئی اپ ڈیٹ کر کے اس کے ملٹی ڈیوائس فیچر کو توسیع دی گئی ہے۔جس کے بعد اس فیچر کو بیٹا ورژن میں استعمال کرنے والے صارفین کے پاس لکھا آئے گا کہ وہ فون کو آن لائن رکھے بغیر واٹس ایپ کو ویب، ڈیسک ٹاپ یا دیگر ڈیوائسز پر استعمال کرسکتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ نئی اپ ڈیٹ آئی او ایس صارفین کو مارچ کے آخر جبکہ اینڈرائیڈ صارفین کو اپریل تک دستیاب ہوگی۔