لندن ( ویب ڈیسک ) بی بی سی کے سٹار صحافی مارٹن بشیر آخر کار لیڈی ڈیانا کے انٹرویو کے حوالے سے پہلی بار میڈیا پر آگئے اور انہوں نے اس الزام سے قطعا انکار کیا ہے کہ لیڈی ڈیانا کی موت کے ذمہ دار وہ ہیں یا ان کے انٹرویو کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا۔برطانوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے مارٹن بشیر نے کہا کہ میں کبھی بھی لیڈی ڈیانا کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا تھا اور نہ ہی میں نے ایسا کیا ہے ٗ میں شہزادوں سے اس سے قبل بھی معافی مانگ چکا ہوں ٗ میں نہیں خیال کہ لیڈی ڈیانا کی زندگی میں ہونے والے واقعات کا میری ذات سے کوئی تعلق نہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ تاثر دینا کہ لیڈی ڈیانا کی زندگی میں ہر چیز کا ذمہ دار میں ہی تھا قطعاً غلط ہے ٗ میں نے جو انٹرویو کیا وہ لیڈی ڈیانا کی شرائط پر ہی نشر ہوا اور اسے اس وقت دو کروڑ 28 لاکھ لوگوں نے دیکھا تھا ٗ انٹرویو کے بعد بھی میرا ڈیانا سے رابطہ رہا اور ہم اچھے دوست تھے۔ مارٹن بشیر نے کہا کہ میں اور میرا خاندان لیڈی ڈیانا سے بہت محبت کرتا تھا ٗ جب میرے گھر بیٹے کی پیدائش ہوئی تو لیڈی ڈیانا نے خاص طور پر ہسپتال آکر خیریت دریافت کی تھی اور بعد میں شاہی محل میں اس کی سالگرہ بھی کی تھی ٗ مجھ پر تو مائیکل جیکسن کے انٹرویو کے بعد بھی ان کی فیملی نے الزام لگایا تھا کہ مائیکل نے نشے کا استعمال زیادہ کر دیا تھا۔