اسلام آباد: ( پبلک نیوز) پاکستان نے بھارت کی جانب سے فروری 2019ء میں پاک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ گرانے کا دعویٰ ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں پکڑے جانے والے پائلٹ کے حوالے سے بھارتی دعوے جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شرمندگی چھپانے اور عوام کی خوشنودی کے لئے بھارتی پائلٹ کو ایوارڈ دیا جانا بھارتی جھوٹ کی مثال ہے۔ بین الاقوامی ماہرین اور امریکی حکام تسلیم کر چکے ہیں کہ پاکستان کا کوئی ایف 16 تباہ نہیں ہوا۔ بھارت کا مسلسل جھوٹا پروپیگنڈا بےتکا اور مضحکہ خیز ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کاخیالی جرات اور بہادری پر فوجی اعزازات دینا کسی طور بھی عسکری روایات سے میل نہیں کھاتا۔ ایسے اعزازات دے کر بھارت دنیا میں اپنا مذاق اڑا رہا ہے۔ یاد دہانی کے لئے، پاک فضائیہ نے 27 فروری کو دن کی روشنی میں 2 بھارتی طیارے مار گرائے تھے۔ بیان میں بھارت کو یاد دلایا گیا ہے کہ تباہ ہونے والا ایک بھارتی طیارہ مگ 21 بائزن تھا جو آزاد کشمیر میں گرا۔ بھارتی مگ 21 بائزن کے پائلٹ نے ایجکٹ کیا اور پاکستانی دستوں نے اسے گرفتار کر لیا۔ بھارتی پائلٹ کو خیر سگالی کے اظہار کے طور پر رہا کیا گیا۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ تباہ ہونے والا دوسرا بھارتی طیارہ سخوئی 30 تھا جو کنٹرول لائن کے اس پار گرا۔ اسی روز بوکھلاہٹ میں بھارتی فوج نے سرینگر کے قریب اپنا ہی ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر بھی مار گرایا تھا۔ پاکستان 2019ء کی طرح آج بھی دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے تیار ہے۔ مستقبل میں کسی بھی مہم جوئی سے باز رہنے کے لئے بھارت کو سبق سیکھنا چاہیے۔