سی پیک فیز 2 پر کام کی رفتار مزید تیز کی جا رہی ہے

سی پیک فیز 2 پر کام کی رفتار مزید تیز کی جا رہی ہے
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ سی پیک فیز ٹو پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔ برآمدی صنعت میں سرمایہ کاری بڑھنے سے روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اپنے زیر صدارت ترجیحی شعبوں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا اسد عمر، حماد اظہر، مشیر ان شوکت فیاض ترین، معید یوسف، معاونَ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل، چیئرمین سی پیک خالد منصور، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ اظفر احسن اور متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ برآمدی صنعت میں سرمایہ کاری بڑھنے سے روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ سرمایہ کاروں کو مفید ماحول کی فراہمی کیلئے تمام حکومتی ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔ اجلاس میں چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک) کے فیز ٹو پر پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا رشکئ، دھابیجی، علامہ اقبال اور بوستان خصوصی صنعتی زونز میں گیس اور بجلی کی فراہمی پر کام تیزی سے جاری ہے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ بنیادی طور پر صنعتوں کی تعمیر کیلئے درکار بجلی اور گیس میسر ہے جبکہ صنعتوں میں سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ باقی درکار بجلی اور گیس کی فراہمی بھی کر دی جائے گی۔ اس سلسلے میں سی پیک اتھارٹی کی طرف سے پلگ اینڈ پلے ماڈل کی تجویز پیش کی گئی جس پر کام جاری ہے۔ ماڈل کے تحت سرمایہ کاروں کی تمام تر ضروریات کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے پورا کرکے ان علاقوں میں صنعتوں کی تعمیر میں تیزی کو یقینی بنایا جائے گا، اسکے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کو صنعتوں کی تعمیر، مختلف اداروں سے درکار منظوریوں اور دیگر اہم معلومات کی فراہمی کیلئے سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے پورٹل پر بھی کام تقریباً مکمل ہے جسکا جلد اجراء کر دیا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سی پیک کے تحت منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے اور ترقیاتی کاموں کی رفتار کو بڑھانے کیلئے باقاعدہ سسٹم کا اجراء کر دیا گیا ہے۔ برآمدی شعبوں و صنعتوں کی نشاندہی کرکے ایس ای زیز میں سرمایہ کاری کو بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ زرعی شعبے میں نہ صرف کارپوریٹ فارمنگ پر کام تیزی سے جاری ہے، بلکہ شعبے کی برآمدات بڑھانے کیلئے معاہدے بھی کئے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم نے سی پیک فیز 2 سے متعلقہ تمام اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔