ملتان سلطانز نے پی ایس ایل فائنل میں رسائی حاصل کرلی

ملتان سلطانز نے پی ایس ایل فائنل میں رسائی حاصل کرلی
لاہور: ( پبلک نیوز) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) سیزن7 کے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ سلطانز کے 164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز 135 رنز بنا سکی۔ شاہنواز دھانی کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ بدھ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے کوالیفائر میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر بائولنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز مقررہ20 اوورز میں2 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنا کر لاہور قلندرز کو 164 رنز کا ہدف دیا۔ کپتان محمد رضوان اور رئیلی روسو نے 112 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔ ریلی روسو نے 42 بالوں پر 65 اور محمد رضوان نے 51 گیندوں پر 55 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ عامر عظمت33 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ اوپنر شان مسعود 2 رنز بنا کر محمد حفیظ کے ہاتھوں آئوٹ ہوئے۔ یہ محمد حفیظ کی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 200ویں وکٹ تھی۔ لاہور قلندرز کی جانب سے محمد حفیظ اور سمت پٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ ملتان سلطانز کے 164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنا پائی۔ اوپنر فخر زمان نے63 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ ان فارم فخر زمان کی رواں پی ایس ایل میں ساتویں نصف سنچری تھی۔ کامران غلام 20 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ لاہور قلندرز کا کوئی بلے باز قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔ عبداللہ شفیق 5 ، محمد حفیظ صفر، ہیری بروکس 13، سمت پٹیل 11، فل سالٹ اور کپتان شاہین آفریدی ایک ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے۔ سلطانز کی جانب سے شاہنواز دہانی نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ڈیوڈ ولی نے دو جبکہ خوشدل شاہ اور آصف آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو کوالیفائر میچ میں 28 رنز سے شکست دے کر پی ایس ایل 7 کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

Watch Live Public News