ویب ڈیسک: لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، اعظم سواتی، مسرت جمشید، حافظ فرحت عباس سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 2 اگست تک توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج خالد ارشد نے 9 مئی کو عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں عمر ایوب، اسد عمر اور فواد چوہدری سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔
عسکری ٹاور حملہ کیس میں عبوری ضمانت کی معیاد مکمل ہونے پر فواد چودھری انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے، اس کے علاوہ اعظم سواتی، مسرت جمشید، حافظ فرحت سمیت دیگر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مزید مہلت مانگ لی۔
تفتشی افسر نے کہا کہ عمر ایوب، حافظ فرحت عباس سمیت دیگر کے تحریری بیانات جمع نہیں ہوئے، پچھلے ہفتے ہم محرم کی ڈیوٹی میں مصروف رہے ہیں لہذا ہمیں مزید مہلت فراہم کی جائے۔
جج خالد ارشد نے ریمارکس دیے کہ آئندہ تاریخ پر تمام درخواست ضمانتوں پر ہر صورت فیصلہ کر دوں گا، کل پولیس نے مجھے یو ایس بی دی ہے، وہ تمام ویڈیوز میں نے دیکھی ہیں، تمام ملزمان نے لیڈروں کی طرح تقریریں کی ہیں۔
جج نے مزیدریمارکس دیئے کہ جن ملزمان نے عبوری ضمانتوں میں بیان نہیں جمع کروایا میں ان کی ضمانتیں خارج کرتا ہوں۔
اس موقع پر عمر ایوب کے وکیل ایوب مسعود چشتی نے جج ارشد جاوید پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا۔
عمر ایوب کے وکیل نے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد کے ساتھ مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ جج صاحب آپ پر ہمیں اعتماد نہیں ہے، آپ جج بن کر دلائل سنے گے تو دلائل دیں گے، آپ اگر ذہین بنا کر بیٹھے ہو تو ضمانتوں کو ٹرانسفر کردے، میری 40 سالہ پریکٹس میں ایسا پہلی بار ہورہا ہے، ہم اس عدالت کی عزت کرتے ہیں اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ ہمارے ساتھ زیادتی کریں۔
جج خالد ارشد نے ریمارکس دیئے کہ آج پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی ضمانتوں پر اللہ کے فضل سے فیصلہ ہوگا،جج نے ملزمان سے مکالمہ کرتے ہوئے بتایا کہ آپ چیزوں کا استحصال کررہے ہیں، ملزمان کے وکلا بحث کریں ورنہ میرٹ پر فیصلہ کروں گا۔
اس پر وکلا کا کہنا تھا کہ ہمیں دلائل دینے کی مہلت دی جائے۔
جج نے ریمارکس دیے کہ ڈیرھ سال سے یہی چل رہا ہے،کتنی بار دلائل کا موقع دے چکا ہوں، سب ملزمان کے وکلا دلائل مکمل کریں۔
بعد ازاں عدالت نے ملزمان کے وکلا کو تیاری کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 2 اگست تک ملتوی کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے فواد چوہدری، اعظم سواتی، مسرت جمشید، حافظ فرحت عباس سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں بھی 2 اگست تک توسیع کردی۔