بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلہ، درودیوار ہل گئے

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلہ، درودیوار ہل گئے
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ لوگ خوف کے مارے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے نکل آئے۔ زلزلے کے یہ جھٹکے ہفتے کی صبح 11 بج کر 39 منٹ پر محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت چار اعشاریہ 8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز قلات سے چالیس کلومیٹر دور شمال مغرب میں تھا۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز خیبرپختونخوا کے علاقے مالاکنڈ اور گردو نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق گذشتہ روز آنے والے اس زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 4 اعشاریہ 2 ریکارڈ کی گئی جبکہ اور اس کی گہرائی 226 کلومیٹر اور اس کا مرکز کوہ ہندو کش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔