ویب ڈیسک:صدرمملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہبازشریف سمیت دیگرسیاسی شخصیات نے قائداعظم کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم ایک جمہوری اور خود کفیل پاکستان کا وژن رکھتے تھے، ہم قائد کی بصیرت، غیرمتزلزل ہمت اور بے مثال عزم کی یاد تازہ کر رہے ہیں، قائداعظم نے وہ کردکھایا جس کوبہت سے لوگ ناممکن سمجھتے تھے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مختلف شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے، خوشحال اور انصاف پر مبنی قوم بننے کا سفر ابھی جاری ہے، قانون کی حکمرانی کی اقدار برقرار رکھنے کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ قائد کی انتھک محنت کی بدولت ہمارا وطن پاکستان معرض وجود میں آیا۔
محمد شہبازشریف نے کہا کہ قائد کی جدوجہد کا سفر یقین کی طاقت کے ذریعے خوابوں کی تعبیر کا ثبوت ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج قائد اعظم کے اقدار سے اپنی وابستگی کا اعادہ کرنے کا دن ہے، قوم کی ترقی، خوشحالی اور اتحاد کے لئے انتھک محنت کرنا ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان
عمران خان نےسماجی رابطےکی ویب سائٹ ایکس میں اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہمارے بانی قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر ہمیں ایک پرامن اور خوشحال پاکستان بنانے کا عزم کرنا چاہیے جس کی جڑیں اس کے تمام شہریوں کے لیے انصاف پر مبنی ہوں۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بابائے قوم قائداعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
ایاز صادق نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم کا اتحاد، ایمان اور تنظیم کا پیغام ہمارے لیے مشعل راہ ہے، قائداعظم کے رہنما اصولوں کو اپنا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت پر اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ محمد علی جناح کی بے مثال قیادت، غیر متزلزل عزم اور انتھک محنت کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں، قائداعظم اتحاد، ایمان اور تنظیم کی بنیاد پر عظیم قوم کی تشکیل کے نظریہ کے علمبردار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم کا خواب ایسا پاکستان ہے جہاں ہر شہری کو مساوات، انصاف اور ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں، محمد علی جناح کا پاکستان امن، محبت اور ترقی کی علامت ہے، اسی خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلئے توانائی وقف کی ہیں۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ قائداعظم کے نقشِ قدم پر چل کر پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ریاست میں تبدیل کریں گے، اللہ تعالیٰ ہمیں بابائے قوم کے خوابوں کی تکمیل کیلئے استقامت اور کامیابی عطا فرمائے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور
اپنے پیغام میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح برصغیر کے مسلمانوں کے ایک عظیم رہنما تھے، انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کی جداگانہ ریاست کے تصور کو حقیقت کا روپ دیا، قائداعظم کی دانشمندانہ قیادت اور انتھک جدوجہد پر مملکت خداداد پاکستان معرض وجود میں آیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے مسلم مخالف رویئے سے ثابت ہوا مسلمانوں کیلئے علیحدہ ریاست کا فیصلہ درست اور صحیح تھا، آج جس آزاد فضا میں ہم سانس لے رہے ہیں یہ بابائے قوم قائد اعظم کی قیادت وسیاسی بصیرت کی مرہون منت ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قیام کا مقصد برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک اسلامی فلاحی ریاست کا قیام تھا، ملک کو ناقابل تسخیر بنانے پر آج ہم مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش پر پیغام دیتے ہوئے قائدِ اعظم کے148ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائداعظم نے بے مثال بصیرت، قیادت اور انتھک جدوجہد کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک آزاد وطن حاصل کیا، قائداعظم کے اصول 'اتحاد، یقین، تنظیم' ہر پاکستانی کیلئے رہنمائی کا مینار ہیں، قائداعظم کا جمہوری، جامع اور خوشحال پاکستان کا خواب وہ مشن ہے جسے ہمیں بطور قوم پورا کرنا ہے،ملک میں برداشت، انصاف، مساوات اور جمہوریت کے اصولوں کو قائد کے تصور کے مطابق زندہ رکھنا ضروری ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی
قائداعظم کے یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مسلم دنیا کے مدبر اور عظیم رہنما محمد علی جناحؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، یہ دن پاکستان کو قائداعظم کے ویژن کے مطابق عظیم ملک بنانے کے عہد کا متقاضی ہے، اتحاد، بھائی چارہ، مذہبی رواداری اور بقائے باہمی آج کے دن کا پیغام ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کی اہمیت پر بہت زور دیا، بانی پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور مذہبی رواداری کے علمبردار تھے، بحیثیت قوم ہمیں اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی رواداری کے فروغ کیلئے قائداعظم کے اصولوں پر کاربند رہ کر آگے بڑھنا ہے، ہمیں قومی مفاد میں ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈال کر وطن عزیز کا سوچنا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ بحیثیت قوم ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے رہنما اصولوں پر عمل کرنا ہے اور یہی قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے، قائداعظم جیسے سچے، ایماندار اور دیانتدار لیڈر ہی ملکوں کی تقدیر بدلتے ہیں۔