(ویب ڈیسک ) وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ تین سال سے احد چیمہ کے بچے وہاں نہیں پڑھ رہے تھے،اگر بچے پڑھ نہیں رہے تو فیس کس چیز کی ادا کی جائے ؟، احد چیمہ نے قانون کے مطابق فیس معافی کی درخواست دی،گورنر صاحب نے قانون کے مطابق فیصلہ کیاہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گوادر ہماری تجارت کا مرکز، سی پیک کا حصہ ہے، گوادر پورٹ پر حملے میں شہید ہونے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مکمل اعتماد ہے، جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، کریم جان نامی دہشت گرد کو ہلاک کر دیا گیا، اسے بھی جبری گمشدہ ظاہر کیا گیا۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ انتہائی حساس معاملات ہیں جنہیں دیکھنا ہو گا، جبری گمشدگیوں کی فہرست میں کتنے لوگ ایسے ہیں جو ملک کی سالمیت پر حملہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اس وقت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، قومی جماعت کے اراکین کا رویہ چھوٹے بچوں والا ہے، آپ قومی جماعت ہیں، میثاق معیشت کے حوالے سے کردار ادا کریں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کی بجائے الیکشن ٹریبونلز سے رجوع کریں، ڈونلڈ لو نے آپکو سرٹیفائیڈ جھوٹا قرار دیا، قومی دھارے میں آ کر مثبت اور تعمیری سیاست کریں۔
صحافی نے احد چیمہ کے بچوں کی فیس معافی کے معاملے پر سوال کیا تو وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا کہ تین سال سے احد چیمہ کے بچے وہاں نہیں پڑھ رہے تھے، اگر بچے پڑھ نہیں رہے تو فیس کس چیز کی ادا کی جائے ؟ ، احد چیمہ نے قانون کے مطابق فیس معافی کی درخواست دی، گورنر صاحب نے قانون کے مطابق فیصلہ کیاہے۔
ان کا مزیدکہنا تھا کہ صحافیوں کی ہیلتھ انشورنس کا پروگرام جاری رکھیں گے، صحافیوں کی فلاح و بہبود وزارت اطلاعات کی ذمہ داری ہے۔