کسی کو بھی شہداء کی لازوال قربانیوں کو مجروح نہیں کرنے دینگے ، آئی ایس پی آر

کسی کو بھی شہداء کی لازوال قربانیوں کو مجروح نہیں کرنے دینگے ، آئی ایس پی آر
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) نے کہا ہے کہ کسی کو بھی شہداء کی لازوال قربانیوں کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے ، پاکستانی قوم شہداء اور ان کے قابل فخر خاندانوں کی مقروض رہے گی ۔ تفصیلات کے مطابق یوم تکریم شہداء کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہداء ہمارا فخر تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، آج پوری قوم کیلئے ہر شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ شہداء پاکستان ہمارے ہیرو اور ملک کا عظیم اثاثہ ہیں، شہداء کی لازوال قربانیاں وطن عزیز کی آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ رہیں گی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس، ریٹائرڈ فوجی افسران، سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت 25 مئی کو’یوم تکریم شہدائے پاکستان‘ منانے کا اعلان کیا گیا۔ یہ دن منانے کا مقصد شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا اور قوم کو یہ پیغام بھی دینا ہے کہ شہداء، اُن کی فیملیز اور یادگاروں کا احترام ہر پاکستانی کا فخر ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔