پی ٹی آئی حکومت نے ملک کے بڑے ہوٹل کی نجکاری کر دی

پی ٹی آئی حکومت نے ملک کے بڑے ہوٹل کی نجکاری کر دی
اسلام آباد ( پبلک نیوز) سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور کی نجکاری مکمل، سروسز انٹرنیشنل ہوٹل کی ریزرو پرائس ایک ارب 94 کروڑ 97 لاکھ18 ہزار 500 مقرر کی گئی۔ ایک ارب 95 کروڑ 17 لاکھ 18 ہزار 500 روپے کی زیادہ ترین بولی دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق مقامی کمپنی فیصل ٹاؤن پراﺅیٹ لمیٹڈ زیادہ بولی دینے پر کامیاب قرار پائی۔ نجکاری کی حتمی منظوری کابینہ کمیٹی برائے نجکاری اور وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔ وزیر مملکت محمد میاں سومرو کا کہنا ہے کہ کوویڈ کی وجہ سے نجکاری پروگرام کو مکمل کرنے میں تاخیر ہوئی ہے۔ اب نجکاری کے عمل کو تیز تر کر دیا گیا ہے۔ جناح کنونشن سنٹر، ایس ایم ای بنک، فرسٹ ویمن بنک کی نجکاری کے مراحل طے کر رہے ہیں۔ محمد میاں سومرو نے مزید کا کہا کہ نجکاری سے حاصل شدہ رقوم سے ملک پر قرضوں کا بوجھ کم ہوگا۔ پاکستان سٹیل مل کی نجکاری کا ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے۔ آئندہ کچھ دنوں میں سٹیل ملز کی نجکاری کے لیے ایکسپریشن آف انٹریسٹ شائع کر دیئے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پی آئی اے کی نجکاری کی بجائے اس کی تعمیر نو کی کوشش کر رہی ہے۔ جناح کنونشن سینٹر، ہاوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن، ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس، فرسٹ ویمن بنک کی نیلامی بھی اہداف میں شامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نجکاری کے نہیں اس کے طریقہ کار کے خلاف تھے۔ وزیراعظم نجکاری کا پروگرام شفاف طریقہ سے مکمل کرنے کے خواہاں ہیں۔ پی ٹی وی کی نجکاری ابھی زیر غور نہیں ہے۔ نجکاری آرڈیننس کے ذریعہ پرائیواٹائزیشن پروگرام شفاف طریقہ سے چلا رہے ہیں۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔