پبلک نیوز:وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو برادر ممالک سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعلقات مضبوط بنانے کی کاوشوں کے اعتراف میں کنگ عبدالعزیز میڈل تفویض ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارک پیش کرتے ہیں۔ یہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی سلامتی کو ہم پاکستان کی سلامتی تصور کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان بہترین دفاعی تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو کنگ عبدالعزیز میڈل سے نوازا۔ عرب میڈیا کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب کا دورہ کیا۔ ولی عہد محمد بن سلمان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو کنگ عبدالعزیز میڈل سے نوازا جو مملکت کے بانی کے نام پر ہے۔ یاد رہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات کو مضبوط اور ترقی دینے میں جنرل باجوہ کی نمایاں کوششوں کو سراہا۔ شاہ سلمان کے حکم پر انہیں کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلنٹ کلاس سے نوازا گیا۔ سعودی ولی عہد اور آرمی چیف جنرل باجوہ نے ملاقات بھی کی۔ دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ فوجی شعبوں اور ان کو ترقی دینے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ مشترکہ دلچسپی کے کئی امور پر بات کی۔ تقریب میں سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بھی موجود تھے۔ سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض اور دونوں اطراف کے کئی سینئر حکام موجود تھے۔