پاکستان میں سرمایہ کاروں کیلئے سازگار ماحول بنائیں گے، وزیر اعظم شہباز شریف

پاکستان میں سرمایہ کاروں کیلئے سازگار ماحول بنائیں گے، وزیر اعظم شہباز شریف
استنبول: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول بنائیں گے۔ استنبول میں پاک ترکیہ بزنس کونسل کے اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ روز ترکیہ صدر طیب ایردوان سے خوشگوار ملاقات رہی اور استنبول میں گذشتہ روز کی تقریب پاک ترکیہ بہترین تعلقات کی مثال ہے۔ ترکیہ کے صدر سے باہمی تعلقات کے فروغ سمیت اہم امور پر بات ہوئی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بزنس کمپنیوں کا یہ اجلاس تجارت کے فروغ کے لیے معاون ثابت ہو گا اور کچھ روز قبل ہی ترکیہ میں جو دھماکہ ہوا ہے اس میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس ہے. پاکستان کی طرح ترکیہ بھی دہشت گردی کا شکار ہوا ہے۔ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث لوگ انسان دوست نہیں ہیں اور ان کا کوئی بھی مذہب نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کا درد ایک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں. پاکستان میں سیلاب آیا تو ترکیہ نے طبی عملہ، ڈاکٹرز، امداد اور بنیادی ضروری اشیا بھیجیں تھیں اور سیلاب کے دوران مشکل میں پاکستان کا ساتھ دینے پر ترکیہ کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے لیے پاکستان اور ترکیہ کو مزید آگے بڑھنے کی ضرورت ہے جب کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مختلف شبعوں میں تعاون کے وسیع امکانات ہیں ، سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول بنائیں گے اور ترکیہ سرمایہ کاروں کے تحفظات کو دور کیا جائے گا جب کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان کاروبار ، تجارت اور دیگر شعبوں میں مؤثر تعاون ہو گا اس کے ساتھ پاکستان میں گیس کی قلت اور بجلی کے مسائل بھی ہیں جب کہ ترکیہ، چین اور امریکہ کے دیگر ممالک سے توانائی کے شعبے میں تعاون جاری ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے معاشرے کے ہر طبقے نے قربانیاں دیں ہیں اور پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ترکیہ کے ساتھ کھڑا ہے اور ترکیہ پاکستان کا دوسرا گھر ہے ، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب، امریکہ اور متحدہ عرب امارات سمیت تمام ممالک کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے اور پاکستان چاہتا ہے دنیا بھر سے تمام شعبوں میں سرمایہ کاری ہو۔ پاکستان اور ترکیہ نے تجارت کے فروغ کے لیے معاہدوں پر دستخط بھی کیے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات میں نقص کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور گذشتہ روز صدرطیب ایردوان نے کاروبار کے قوانین کو آسان بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ بیجنگ کی طرح ترکیہ سے بھی کچھ شکایات موصول ہوئیں جن کو فوری دور کیا جائے گا کیونکہ ماضی میں ترکیہ کمپنیوں کے لیے پاکستان میں کچھ مشکلات رہی ہیں تاہم یقین دلاتا ہوں ترکیہ کے سرمایہ کاروں کی جانب سے شکایات کا ازالہ کریں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں پاکستان کو قیمتیں بڑھانی پڑیں، ہم نے جنوبی پنجاب میں سولر انرجی کا منصوبہ لگایا تھا لیکن گذشتہ حکومت نے اس کی ادائیگی روک دی تھی اور پاکستان کو آج بھی گندم اور گیس کی ضرورت ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔